زبُو 85 Urdu Bible Revised Version (URD)

قَوم کی فلاح وبہبُود کے لِئے دُعا

1. اَے خُداوند! تُو اپنے مُلک پر مہربان رہا ہے۔تُو یعقُوب کو اسِیری سے واپس لایا ہے۔

2. تُو نے اپنے لوگوں کی بدکاری مُعاف کر دی ہے۔تُو نے اُن کے سب گُناہ ڈھانک دِئے ہیں ۔ (سِلاہ)

3. تُو نے اپنا غضب بِالکل اُٹھا لِیا۔تُو اپنے قہر شدِید سے باز آیا ہے۔

4. اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا! ہم کو بحال کر۔اپنا غضب ہم سے دُور کر۔

5. کیا تُو سدا ہم سے ناراض رہے گا؟کیا تُو اپنے قہر کو پُشت در پُشت جاری رکھّے گا؟

6. کیا تُو ہم کو پِھر زِندہ نہ کرے گاتاکہ تیرے لوگ تُجھ میں شادمان ہوں؟

7. اَے خُداوند! تُو اپنی شفقت ہم کو دِکھااور اپنی نجات ہم کو بخش۔

8. مَیں سنُوں گا کہ خُداوند خُدا کیا فرماتا ہےکیونکہ وہ اپنے لوگوں اور اپنے مُقدّسوں سےسلامتی کی باتیں کرے گا۔پر وہ پِھر حماقت کی طرف رجُوع نہ کریں۔

9. یقِیناً اُس کی نجات اُس سے ڈرنے والوں کےقرِیب ہےتاکہ جلال ہمارے مُلک میں بسے۔

10. شفقت اور راستی باہم مِل گئی ہیں۔صداقت اور سلامتی نے ایک دُوسرے کا بوسہ لِیا ہے۔

11. راستی زمِین سے نِکلتی ہےاور صداقت آسمان پر سے جھانکتی ہے

12. جو کُچھ اچھّا ہے وُہی خُداوند عطا فرمائے گااور ہماری زمِین اپنی پَیداوار دے گی۔

13. صداقت اُس کے آگے آگے چلے گیاور اُس کے نقشِ قدم کو ہماری راہ بنائے گی۔