پَیدایش 30:18-32 Urdu Bible Revised Version (URD)

18. تب لیاہ نے کہا کہ خُدا نے میری اُجرت مُجھے دی کیونکہ مَیں نے اپنے شَوہر کو اپنی لَونڈی دی اور اُس نے اُس کا نام اِشکار رکھّا۔

19. اور لیاہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور یعقُوب سے اُس کے چھٹا بیٹا ہُؤا۔

20. تب لیاہ نے کہا کہ خُدا نے اچھّا مَہر مُجھے بخشا ۔ اب میرا شَوہر میرے ساتھ رہے گا کیونکہ میرے اُس سے چھ بیٹے ہو چُکے ہیں ۔ سو اُس نے اُس کا نام زبُولُون رکھّا۔

21. اِس کے بعد اُس کے ایک بیٹی ہُوئی اور اُس نے اُس کا نام دِینہ رکھّا۔

22. اور خُدا نے راخِل کو یاد کِیا اور خُدا نے اُس کی سُن کر اُس کے رَحِم کو کھولا۔

23. اور وہ حامِلہ ہُوئی اور اُس کے بیٹا ہُؤا ۔ تب اُس نے کہا کہ خُدا نے مُجھ سے رُسوائی دُور کی۔

24. اور اُس نے اُس کا نام یُوسف یہ کہہ کر رکھّا کہ خُداوند مُجھ کو ایک اور بیٹا بخشے۔

25. اور جب راخِل سے یُوسف پَیدا ہُؤا تو یعقُوب نے لابن سے کہا مُجھے رُخصت کر کہ مَیں اپنے گھر اور اپنے وطن کو جاؤں۔

26. میری بِیویاں اور میرے بال بچّے جِن کی خاطِر مَیں نے تیری خِدمت کی ہے میرے حوالہ کر اور مُجھے جانے دے کیونکہ تُوآپ جانتا ہے کہ مَیں نے تیری کَیسی خِدمت کی ہے۔

27. تب لابن نے اُسے کہا اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو یہِیں رہ کیونکہ مَیں جان گیا ہُوں کہ خُداوندنے تیرے سبب سے مُجھ کو برکت بخشی ہے۔

28. اور یہ بھی کہا کہ مُجھ سے تُو اپنی اُجرت ٹھہرا لے اور مَیں تُجھے دِیا کرُوں گا۔

29. اُس نے اُسے کہا کہ تُو آپ جانتا ہے کہ مَیں نے تیری کَیسی خِدمت کی اور تیرے جانور میرے ساتھ کَیسے رہے۔

30. کیونکہ میرے آنے سے پہلے یہ تھوڑے تھے اور اب بڑھ کر بُہت سے ہو گئے ہیں اور خُداوند نے جہاں جہاں میرے قدم پڑے تُجھے برکت بخشی ۔ اب مَیں اپنے گھر کا بندوبست کب کرُوں؟۔

31. اُس نے کہا تُجھے مَیں کیا دُوں؟یعقُوب نے کہا تُو مُجھے کُچھ نہ دینا پر اگر تُو میرے لِئے ایک کام کر دے تو مَیں تیری بھیڑ بکریوں کو پِھرچراؤں گا اور اُن کی نِگہبانی کرُوں گا۔

32. مَیں آج تیری سب بھیڑ بکریوں میں چکّر لگاؤں گا اور جِتنی بھیڑیں چِتلی اور ابلق اور کالی ہوں اور جِتنی بکریاں ابلق اور چِتلی ہوں اُن سب کو الگ ایک طرف کر دُوں گا ۔ اِن ہی کو مَیں اپنی اُجرت ٹھہراتا ہُوں۔

پَیدایش 30