پَیدایش 30:1-16 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور جب راخِل نے دیکھا کہ یعقُوب سے اُس کے اَولاد نہیں ہوتی تو راخِل کو اپنی بہن پر رشک آیا سو وہ یعقُوب سے کہنے لگی کہ مُجھے بھی اَولاد دے نہیں تو مَیں مَر جاؤں گی۔

2. تب یعقُوب کا قہر راخِل پر بھڑکا اور اُس نے کہا کیا مَیں خُدا کی جگہ ہُوں جِس نے تُجھ کو اَولاد سے محرُوم رکھّا ہے؟۔

3. اُس نے کہا دیکھ میری لَونڈی بِلہا ہ حاضِر ہے ۔ اُس کے پاس جا تاکہ میرے لِئے اُس سے اَولاد ہو اور وہ اَولاد میری ٹھہرے۔

4. اور اُس نے اپنی لَونڈی بِلہا ہ کو اُسے دِیا کہ اُس کی بِیوی بنے اور یعقُوب اُس کے پاس گیا۔

5. اور بِلہا ہ حامِلہ ہُوئی اور یعقُوب سے اُس کے بیٹا ہُؤا۔

6. تب راخِل نے کہا کہ خُدا نے میرا اِنصاف کِیا اور میری فریاد بھی سُنی اور مُجھ کو بیٹا بخشا اِس لِئے اُس نے اُس کا نام دان رکھّا۔

7. اور راخِل کی لَونڈی بِلہاہ پِھرحامِلہ ہُوئی اور یعقُوب سے اُس کے دُوسرا بیٹا ہُؤا۔

8. تب راخِل نے کہا مَیں اپنی بہن کے ساتھ نِہایت زور مار مار کر کُشتی لڑی اور مَیں نے فتح پائی ۔ سو اُس نے اُس کا نام نفتالی رکھّا۔

9. جب لیاہ نے دیکھا کہ وہ جننے سے رہ گئی تو اُس نے اپنی لَونڈی زِلفہ کو لے کر یعقُوب کو دِیا کہ اُس کی بِیوی بنے۔

10. اور لیاہ کی لَونڈی زِلفہ کے بھی یعقُوب سے ایک بیٹا ہُؤا۔

11. تب لیاہ نے کہا زہے قِسمت! سو اُس نے اُس کا نام جد رکھّا۔

12. لیاہ کی لَونڈی زِلفہ کے یعقُوب سے پِھر ایک بیٹا ہُؤا۔

13. تب لیاہ نے کہا مَیں خوش قِسمت ہُوں ۔ عورتیں مُجھے خُوش قِسمت کہیں گی اور اُس نے اُس کا نام آشر رکھّا۔

14. اور رُوبِن گیہُوں کاٹنے کے موسم میں گھر سے نِکلا اور اُسے کھیت میں مردُم گیاہ مِل گئے اور وہ اپنی ماں لیاہ کے پاس لے آیا ۔ تب راخِل نے لیاہ سے کہا کہ اپنے بیٹے کے مردُم گیاہ میں سے مُجھے بھی کُچھ دے دے۔

15. اُس نے کہا کیا یہ چھوٹی بات ہے کہ تُونے میرے شَوہر کو لے لِیا اور اب کیا میرے بیٹے کے مردُم گیاہ بھی لینا چاہتی ہے؟راخِل نے کہا بس تو آج رات وہ تیرے بیٹے کے مردُم گیاہ کی خاطِر تیرے ساتھ سوئے گا۔

16. جب یعقُوب شام کو کھیت سے آرہا تھا تو لیاہ آگے سے اُس سے مِلنے کو گئی اور کہنے لگی کہ تُجھے میرے پاس آنا ہو گا کیونکہ مَیں نے اپنے بیٹے کے مردُم گیاہ کے بدلے تُجھے اُجرت پر لِیا ہے ۔ سو وہ اُس رات اُسی کے ساتھ سویا۔

پَیدایش 30