9. کیا مَیں نے تُجھ کو حُکم نہیں دِیا؟ سو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ خَوف نہ کھا اوربے دِل نہ ہو کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جہاں جہاں تُو جائے تیرے ساتھ رہے گا۔
10. تب یشُوع نے لوگوں کے منصبداروں کو حُکم دِیا کہ۔
11. تُم لشکر کے بِیچ سے ہو کر گُذرو اور لوگوں کو یہ حُکم دو کہ تُم اپنے اپنے لِئے زادِ راہ تیّار کر لو کیونکہ تِین دِن کے اندر تُم کو اِس یَردن کے پار ہو کر اُس مُلک پر قبضہ کرنے کو جانا ہے جِسے خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو دیتا ہے تاکہ تُم اُس کے مالِک ہو جاؤ۔
12. اور بنی رُوبِن اور بنی جداور منسّی کے نِصف قبِیلہ سے یشُوع نے یہ کہا کہ۔
13. اُس بات کو جِس کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو دِیا یاد رکھنا کہ خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو آرام بخشتا ہے اور وہ یہ مُلک تُم کو دے گا۔
14. تُمہاری بِیوِیاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے اِسی مُلک میں جِسے مُوسیٰ نے یَردن کے اِس پار تُم کو دِیا ہے رہیں پر تُم سب جِتنے بہادُر اور سُورما ہو مُسلّح ہو کر اپنے بھائِیوں کے آگے آگے پار جاؤ اور اُن کی مددکرو۔
15. جب تک خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو تُمہاری طرح آرام نہ بخشے اور وہ اُس مُلک پر جِسے خُداوند تُمہارا خُدا اُن کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں ۔ بعد میں تُم اپنی مِلکِیّت کے مُلک میں لَوٹنا جِسے خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے یَردن کے اِس پار مشرِق کی طرف تُم کو دِیا ہے اور اُس کے مالِک ہونا۔
16. اور اُنہوں نے یشُوع کو جواب دِیا کہ جِس جِس بات کا تُو نے ہم کو حُکم دِیا ہے ہم وہ سب کریں گے اور جہاں جہاں تُو ہم کو بھیجے وہاں ہم جائیں گے۔
17. جَیسے ہم سب اُمُور میں مُوسیٰ کی بات سُنتے تھے وَیسے ہی تیری سُنیں گے ۔ فقط اِتنا ہو کہ خُداوند تیرا خُدا جِس طرح مُوسیٰ کے ساتھ رہتا تھا تیرے ساتھ بھی رہے۔
18. جو کوئی تیرے حُکم کی مُخالفت کرے اور سب مُعاملوں میں جِن کی تُو تاکِید کرے تیری بات نہ مانے وہ جان سے مارا جائے ۔ تُو فقط مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔