1. اَے قَومو! نزدِیک آ کر سُنو ۔ اَے اُمّتو! کان لگاؤ۔ زمِین اور اُس کی معمُوری ۔ دُنیا اور سب چِیزیں جواُس میں ہیں سُنیں۔
2. کیونکہ خُداوند کا قہر تمام قَوموں پر اور اُس کا غضب اُن کی سب فَوجوں پر ہے ۔ اُس نے اُن کو ہلاک کر دِیا ۔ اُس نے اُن کو ذبح ہونے کے لِئے حوالہ کِیا۔
3. اور اُن کے مقتُول پھینک دِئے جائیں گے بلکہ اُن کی لاشوں سے بدبُو اُٹھے گی اور پہاڑ اُن کے لہُو سے بہہ جائیں گے۔
4. اور تمام اجرامِ فلک گُداز ہو جائیں گے اور آسمان طُومارکی مانِند لپیٹے جائیں گے اور اُن کی تمام افواج تاک اورانجِیر کے مُرجھائے ہُوئے پتّوں کی مانِند گِر جائیں گی۔
5. کیونکہ میری تلوار آسمان میں مست ہو گئی ہے ۔ دیکھووہ ادُو م پر اور اُن لوگوں پر جِن کو مَیں نے ملعُون کِیاہے سزا دینے کو نازِل ہو گی۔
6. خُداوند کی تلوار خُون آلُودہ ہے ۔ وہ چربی اور برّوں اور بکروں کے لہُو سے اور مینڈھوں کے گُردوں کی چربی سے چِکنا گئی کیونکہ خُداوند کے لِئے بُصرا ہ میں ایک قُربانی اور ادُو م کے مُلک میں بڑی خُون ریزی ہے۔
7. اور اُن کے ساتھ جنگلی سانڈ اور بچھڑے اور بَیل ذبح ہوں گے اور اُن کا مُلک خُون سے سیراب ہو جائے گا اور اُن کی گرد چربی سے چِکنا جائے گی۔
8. کیونکہ یہ خُداوند کا اِنتقام لینے کا دِن اور بدلہ لینے کا سال ہے جِس میں وہ صِیُّون کا اِنصاف کرے گا۔
9. اور اُس کی ندیاں رال ہو جائیں گی اور اُس کی خاک گندھک اور اُس کی زمِین جلتی ہُوئی رال ہوگی۔
10. جو شب و روز کبھی نہ بُجھے گی۔ اُس سے ابد تک دُھواں اُٹھتا رہے گا ۔ نسل در نسل وہ اُجاڑ رہے گی ۔ ابدُالآبادتک کوئی اُدھر سے نہ گُذرے گا۔
11. لیکن حواصِل اور خارپُشت اُس کے مالِک ہوں گے ۔ اُلُّواور کوّے اُس میں بسیں گے اور اُس پر وِیرانی کا سُوت پڑے گا اور سُنسانی کا ساہُول ڈالا جائے گا۔
12. اُس کے اشراف میں سے کوئی نہ ہو گا جِسے وہ بُلائیں کہ حُکمرانی کرے اور اُس کے سب سردار ناچِیز ہوں گے۔
13. اور اُس کے قصروں میں کانٹے اور اُس کے قلعوں میں بِچُّھوبُوٹی اور اُونٹ کٹارے اُگیں گے اور وہ گِیدڑوں کی ماندیں اور شُتر مُرغوں کے رہنے کا مقام ہو گا۔
14. اور دشتی درِندے بھیڑیوں سے مُلاقات کریں گے اور چھگمانس اپنے ساتھی کو پُکارے گا ۔ ہاں عفریتِ شب وہاں آرام کرے گااور اپنے ٹِکنے کو جگہ پائے گا۔
15. وہاں اُڑنے والے سانپ کا آشیانہ ہو گا اور انڈے دینااور سینا اور اپنے سایہ میں جمع کرنا ہو گا ۔ وہاں گِدھ جمع ہوں گے اور ہر ایک کے ساتھ اُس کی مادہ ہو گی۔
16. تُم خُداوند کی کِتاب میں ڈُھونڈو اور پڑھو ۔ اِن میں سے ایک بھی کم نہ ہو گا اور کوئی بے جُفت نہ ہو گا کیونکہ میرے مُنہ نے یِہی حُکم کِیا ہے اور اُس کی رُوح نے اِن کوجمع کِیا ہے۔
17. اور اُس نے اِن کے لِئے قُرعہ ڈالا اور اُس کے ہاتھ نے اِن کے لِئے اُس کو جرِیب سے تقسِیم کِیا۔ سو وہ ابد تک اُس کے مالِک ہوں گے اور پُشت در پُشت اُس میں بسیں گے۔