1. اَے اِسرائیل دُوسری قَوموں کی طرح خُوشی و شادمانی نہ کر کیونکہ تُو نے اپنے خُدا سے بیوفائی کی ہے۔ تُو نے ہر ایک کھلِیہان میں اُجرت تلاش کی ہے۔
2. کھلِیہان اور مَے کے حَوض اُن کی پرورِش کے لِئے کافی نہ ہوں گے اور نئی مَے کفایت نہ کرے گی۔
3. وہ خُداوند کے مُلک میں نہ بسیں گے بلکہ اِفرائِیم مِصر کو واپس جائے گا اور وہ اسُور میں ناپاک چِیزیں کھائیں گے۔
4. وہ مَے کو خُداوند کے لِئے نہ تپائیں گے اور وہ اُس کے مقبُول نہ ہوں گے اُن کی قُربانِیاں اُن کے لِئے نَوحہ گروں کی روٹی کی مانِند ہوں گی ۔ اُن کو کھانے والے ناپاک ہوں گے کیونکہ اُن کی روٹِیاں اُن ہی کی بُھوک کے لِئے ہوں گی اور خُداوند کے گھر میں داخِل نہ ہوں گی۔
5. مجمعِ مُقدّس کے روز اور خُداوند کی عِید کے روز کیا کرو گے؟۔
6. کیونکہ وہ تباہی کے خَوف سے چلے گئے لیکن مِصر اُن کو سمیٹے گا ۔ موف اُن کو دفن کرے گا ۔ اُن کی چاندی کے اچّھے خزانوں پر بِچُّھو بُوٹی قابِض ہو گی ۔ اُن کے خَیموں میں کانٹے اُگیں گے۔
7. سزا کے دِن آ گئے ۔جزا کا وقت آ پُہنچا ۔ اِسرائیل کو معلُوم ہو جائے گا کہ اُس کی بدکرداری کی کثرت اور عداوت کی زِیادتی کے باعِث نبی بیوُقُوف ہے ۔ رُوحانی آدمی دِیوانہ ہے۔
8. اِفرائِیم میرے خُدا کی طرف سے نِگہبان ہے ۔ نبی اپنی تمام راہوں میں چِڑِیمار کا جال ہے ۔ وہ اپنے خُدا کے گھر میں عداوت ہے۔
9. اُنہوں نے اپنے آپ کو نِہایت خراب کِیا جَیسا جِبعہ کے ایّام میں ہُؤا تھا ۔ وہ اُن کی بدکرداری کو یاد کرے گا اور اُن کے گُناہوں کی سزا دے گا۔