3. اور اِن کو ایک ٹوکری میں رکھ کر اُس ٹوکری کو بچھڑے اور دونوں مینڈھوں سمیت آگے لے آنا۔
4. پِھر ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے نہلانا۔
5. اور وہ لِباس لے کر ہارُو ن کو کُرتہ اور افُود کا جُبّہ اور افُود اور سِینہ بند پہنانا اور افود کا کارِیگری سے بُنا ہُؤا کمربند اُس کے باندھ دینا۔
6. اور عمامہ کو اُس کے سر پر رکھّ کر اُس عمامہ کے اُوپر مُقدّس تاج لگا دینا۔
7. اور مَسح کرنے کا تیل لے کر اُس کے سر پر ڈالنا اور اُس کو مَسح کرنا۔
8. پِھر اُس کے بیٹوں کو آگے لا کر اُن کو کُرتے پہنانا۔
9. اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے کمربند لپیٹ کر اُن کے پگڑیاں باندھنا تاکہ کہانت کے منصب پر ہمیشہ کے لِئے اُن کا حق رہے اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مخصُوص کرنا۔
10. پِھر تُو اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لانا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں۔
11. پِھر اُس بچھڑے کو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ذبح کرنا۔
12. اور اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے قُربان گاہ کے سِینگوں پر لگانا اور باقی سارا خُون قُربان گاہ کے پایہ پر اُنڈیل دینا۔
13. پِھر اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور جِگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کو اور اُن کے اُوپر کی چربی کو لے کر سب قُربان گاہ پر جلانا۔
14. لیکن اُس بچھڑے کے گوشت اور کھال اور گوبر کو خَیمہ گاہ کے باہر آگ سے جلا دینا اِس لِئے کہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔
15. پِھر تُو ایک مینڈھے کو لینا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔
16. اور تُو اُس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کا خُون لے کر قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑکنا۔
17. اور تُو مینڈھے کو ٹُکڑے ٹُکڑے کاٹنا اور اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو دھو کر اُس کے ٹُکڑوں اور اُس کے سر کے ساتھ مِلا دینا۔
18. پِھر اِس پُورے مینڈھے کو قُربان گاہ پر جلانا ۔ یہ خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی ہے ۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو یعنی خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔
19. پِھر دُوسرے مینڈھے کو لینا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔
20. اور تُو اِس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کے خُون میں سے کُچھ لے کر ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگانا اور خُون کو قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑک دینا۔
21. اور قُربان گاہ پر کے خُون اور مَسح کرنے کے تیل میں سے کُچھ کُچھ لے کر ہارُو ن اور اُس کے لِباس پر اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں اور اُن کے لِباس پر چِھڑکنا ۔ تب وہ اپنے لِباس سمیت اور اُس کے ساتھ ہی اُس کے بیٹے اپنے اپنے لِباس سمیت مُقدّس ہوں گے۔
22. اور تُو مینڈھے کی چربی اور موٹی دُم کو اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اُس کو اور جِگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کواور اُن کے اُوپر کی چربی کو اور دہنی ران کو لینا اِس لِئے کہ یہ تخصِیصی مینڈھا ہے۔