13. قرعہ اندازی سے مقرر کیا گیا کہ کون سا گروہ صحن کے کس دروازے کی پہرا داری کرے۔ اِس سلسلے میں بڑے اور چھوٹے خاندانوں میں امتیاز نہ کیا گیا۔
14. یوں جب قرعہ ڈالا گیا تو مسلمیاہ کے خاندان کا نام مشرقی دروازے کی پہرا داری کرنے کے لئے نکلا۔ زکریاہ بن مسلمیاہ کے خاندان کا نام شمالی دروازے کی پہرا داری کرنے کے لئے نکلا۔ زکریاہ اپنے دانا مشوروں کے لئے مشہور تھا۔
15. جب قرعہ جنوبی دروازے کی پہرا داری کے لئے ڈالا گیا تو عوبید ادوم کا نام نکلا۔ اُس کے بیٹوں کو گودام کی پہرا داری کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔
16. جب مغربی دروازے اور سلکت دروازے کے لئے قرعہ ڈالا گیا تو سُفّیم اور حوسہ کے نام نکلے۔ سلکت دروازہ چڑھنے والے راستے پر ہے۔پہرا داری کی خدمت یوں بانٹی گئی:
17. روزانہ مشرقی دروازے پر چھ لاوی پہرہ دیتے تھے، شمالی اور جنوبی دروازوں پر چار چار افراد اور گودام پر دو۔
18. رب کے گھر کے صحن کے مغربی دروازے پر چھ لاوی پہرہ دیتے تھے، چار راستے پر اور دو صحن میں۔
19. یہ سب دربانوں کے گروہ تھے۔ سب قورح اور مِراری کے خاندانوں کی اولاد تھے۔
20. دوسرے کچھ لاوی اللہ کے گھر کے خزانوں اور رب کے لئے مخصوص کی گئی چیزیں سنبھالتے تھے۔
21-22. دو بھائی زیتام اور یوایل رب کے گھر کے خزانوں کی پہرا داری کرتے تھے۔ وہ یحی ایل کے خاندان کے سرپرست تھے اور یوں لعدان جَیرسونی کی اولاد تھے۔
23. عمرام، اِضہار، حبرون اور عُزی ایل کے خاندانوں کی یہ ذمہ داریاں تھیں:
24. سبوایل بن جَیرسوم بن موسیٰ خزانوں کا نگران تھا۔
25. جَیرسوم کے بھائی اِلی عزر کا بیٹا رحبیاہ تھا۔ رحبیاہ کا بیٹا یسعیاہ، یسعیاہ کا بیٹا یورام، یورام کا بیٹا زِکری اور زِکری کا بیٹا سلومیت تھا۔
26. سلومیت اپنے بھائیوں کے ساتھ اُن مُقدّس چیزوں کو سنبھالتا تھا جو داؤد بادشاہ، خاندانی سرپرستوں، ہزار ہزار اور سَو سَو فوجیوں پر مقرر افسروں اور دوسرے اعلیٰ افسروں نے رب کے لئے مخصوص کی تھیں۔