۲- توارِیخ 3:7-17 Urdu Bible Revised Version (URD)

7. اور اُس نے گھر کو یعنی اُس کے شہتِیروں ۔ چَوکھٹوں ۔ دِیواروں اور کِواڑوں کو سونے سے منڈھا اور دِیواروں پر کرُوبیوں کی صُورت کندہ کی۔

8. اور اُس نے پاکترِین مکان بنایا جِس کی لمبائی گھر کی چَوڑائی کے مُطابِق بِیس ہاتھ اور اُس کی چَوڑائی بِیس ہاتھ تھی اور اُس نے اُسے چھ سَو قِنطار چوکھے سونے سے منڈھا۔

9. اور کِیلوں کا وزن پچاس مِثقال سونے کا تھا اور اُس نے اُوپر کی کوٹھرِیاں بھی سونے سے منڈھِیں۔

10. اور اُس نے پاکترِین مکان میں دوکرُّوبیوں کو تراش کر بنایا اور اُنہوں نے اُن کو سونے سے منڈھا۔

11. اور کرُّوبیوں کے بازُو بِیس ہاتھ لمبے تھے ۔ ایک کرُّوبی کا ایک بازُو پانچ ہاتھ کا گھر کی دِیوار تک پُہنچا ہُؤا اور دُوسرا بازُو بھی پانچ ہاتھ کا دُوسرے کرُّوبی کے بازُو تک پُہنچا ہُؤا تھا۔

12. اور دُوسرے کرُّوبی کا ایک بازُو پانچ ہاتھ کا گھر کی دِیوار تک پُہنچا ہُؤا اور دُوسرا بازُو بھی پانچ ہاتھ کا دُوسرے کرُّوبی کے بازُو سے مِلا ہُؤا تھا۔

13. اِن کرُّوبیوں کے پر بِیس ہاتھ تک پَھیلے ہُوئے تھے اور وہ اپنے پاؤں پر کھڑے تھے اور اُن کے مُنہ اُس گھر کی طرف تھے۔

14. اور اُس نے پردہ آسمانی اور ارغوانی اور قِرمزی کپڑے اور مہِین کتان سے بنایا اور اُس پر کرُّوبیوں کو کڑھوایا۔

15. اور اُس نے گھر کے سامنے پَینتِیس پَینتِیس ہاتھ اُونچے دو سُتُون بنائے اور ہر ایک کے سِرے پر پانچ ہاتھ کا تاج تھا۔

16. اور اُس نے اِلہام گاہ میں زنجِیریں بنا کر سُتُونوں کے سِروں پر لگائِیں اور ایک سَو انار بنا کر زنجِیروں میں لگا دِئے۔

17. اور اُس نے ہَیکل کے آگے اُن سُتُونوں کو ایک کو د ہنی اور دُوسرے کو بائِیں طرف کھڑا کِیا اور جو دہنے تھا اُس کا نام یاکِین اور جو بائِیں تھا اُس کا نام بوعز رکھّا۔

۲- توارِیخ 3