۱-سموئیل 3:10-21 Urdu Bible Revised Version (URD)

10. تب خُداوند آکھڑا ہُؤا اور پہلے کی طرح پُکارا سموئیل ! سموئیل !سموئیل نے کہا فرما کیونکہ تیرا بندہ سُنتا ہے۔

11. خُداوند نے سموئیل سے کہا دیکھ مَیں اِسرا ئیل میں اَیسا کام کرنے پر ہُوں جِس سے ہر سُننے والے کے کان بھنّا جائیں گے۔

12. اُس دِن مَیں عیلی پر سب کُچھ جو مَیں نے اُس کے گھرانے کے حق میں کہا ہے شرُوع سے آخِر تک پُورا کرُوں گا۔

13. کیونکہ مَیں اُسے بتا چُکا ہُوں کہ مَیں اُس بدکاری کے سبب سے جِسے وہ جانتا ہے ہمیشہ کے لِئے اُس کے گھر کا فَیصلہ کرُوں گا کیونکہ اُس کے بیٹوں نے اپنے اُوپر لَعنت بُلائی اور اُس نے اُن کو نہ روکا۔

14. اِسی لِئے عیلی کے گھرانے کی بابت مَیں نے قَسم کھائی کہ عیلی کے گھرانے کی بدکاری نہ تو کبھی کِسی ذبِیحہ سے صاف ہو گی نہ ہدیہ سے۔

15. اور سموئیل صُبح تک لیٹا رہا ۔ تب اُس نے خُداوند کے گھر کے دروازے کھولے اور سموئیل عیلی پر رویا ظاہِر کرنے سے ڈرا۔

16. تب عیلی نے سموئیل کو بُلا کر کہا اَے میرے بیٹے سموئیل !اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔

17. تب اُس نے پُوچھا وہ کیا بات ہے جو خُداوند نے تُجھ سے کہی ہے؟ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں اُسے مُجھ سے پوشِیدہ نہ رکھ ۔ اگر تُو کُچھ بھی اُن باتوں میں سے جو اُس نے تُجھ سے کہی ہیں چُھپائے تو خُدا تُجھ سے اَیسا ہی کرے بلکہ اُس سے بھی زِیادہ۔

18. تب سموئیل نے اُس کو رتی رتی حال بتایا اور اُس سے کُچھ نہ چُھپایا ۔ اُس نے کہا وہ خُداوند ہے جو وہ بھلا جانے سو کرے۔

19. اور سموئیل بڑا ہوتا گیا اور خُداوند اُس کے ساتھ تھا اور اُس نے اُس کی باتوں میں سے کِسی کو مِٹّی میں مِلنے نہ دِیا۔

20. اور سب بنی اِسرائیل نے دان سے بیر سبع تک جان لِیا کہ سموئیل خُداوند کا نبی مُقرّر ہُؤا۔

21. اور خُداوند سَیلا میں پِھرظاہِر ہُؤا کیونکہ خُداوند نے اپنے آپ کو سَیلا میں سموئیل پر اپنے کلام کے ذرِیعہ سے ظاہِر کِیا۔

۱-سموئیل 3