1. اور وہ حِصّے جِن کو کنعان کے مُلک میں بنی اِسرائیل نے مِیراث کے طَور پر پایا اور جِن کو الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے اُن کو تقسِیم کِیا یہ ہیں۔
2. اُن کی مِیراث قُرعہ سے دی گئی جَیسا خُداوند نے ساڑھے نَو قبِیلوں کے حق میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔
3. کیونکہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار ڈھائی قبِیلوں کی مِیراث اُن کودے دی تھی پر اُس نے لاویوں کو اُن کے درمِیان کُچھ مِیراث نہیں دی۔
4. کیونکہ بنی یُوسف کے دو قبِیلے تھے منسّی اور افرا ئیم ۔ سو لاویوں کو اُس مُلک میں کُچھ حِصّہ نہ مِلا سِوا شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لِئے تھے اور اُن کی نواحی کے جو اُن کے چَوپایوں اور مال کے لِئے تھی۔
5. جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا اور مُلک کو بانٹ لِیا۔
6. تب بنی یہُوداہ جِلجا ل میں یشُوع کے پاس آئے اور قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب نے اُس سے کہا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند نے مَردِ خُدا مُوسیٰ سے میری اور تیری بابت قادِس برنِیع میں کیا کہا تھا۔