یسعیاہ 33:9-20 Urdu Bible Revised Version (URD)

9. زمِین کُڑھتی اور مُرجھاتی ہے ۔ لُبنا ن رُسوا ہُؤااور مُرجھا گیا ۔ شارُو ن بیابان کی مانِند ہے ۔ بسن اور کرمِل بے برگ ہو گئے۔

10. خُداوند فرماتا ہے اب مَیں اُٹھوں گا ۔ اب مَیں سرفرازہُوں گا ۔ اب مَیں سر بُلند ہُوں گا۔

11. تُم بُھوسے سے باردار ہو گے پُھوس تُم سے پَیدا ہوگا ۔ تُمہارا دَم آگ کی طرح تُم کو بھسم کرے گا۔

12. اور لوگ جلے چُونے کی مانِند ہوں گے ۔ وہ اُن کانٹوں کی مانِند ہوں گے جو کاٹ کر آگ میں جلائے جائیں۔

13. تُم جو دُور ہو سُنو کہ مَیں نے کیا کِیا اور تُم جو نزدِیک ہو میری قُدرت کا اِقرار کرو۔

14. وہ گُنہگار جو صِیُّون میں ہیں ڈر گئے ۔ کپکپی نے بے دِینوں کو آ دبایا ہے ۔ کَون ہم میں سے اُس مُہلِک آگ میں رہ سکتا ہے ؟ اور کَون ہم میں سے ابدی شُعلوں کے درمِیان بس سکتا ہے؟۔

15. وہ جو راست رفتار اور درُست گُفتار ہے ۔ جو ظُلم کے نفع کو حقِیر جانتا ہے ۔ جو رِشوت سے دست بردار ہے ۔ جو اپنے کان بند کرتا ہے تاکہ خُون ریزی کے مضمُون نہ سُنے اور آنکھیں مُوندتا ہے تاکہ زِیان کاری نہ دیکھے۔

16. وہ بُلندی پر رہے گا ۔ اُس کی پناہ گاہ پہاڑ کا قلعہ ہو گا ۔ اُس کو روٹی دی جائے گی ۔ اُس کا پانی مُقرّر ہوگا۔

17. تیری آنکھیں بادشاہ کا جمال دیکھیں گی ۔ وہ بُہت دُورتک وسِیع مُلک پر نظر کریں گی۔

18. تیرا دِل اُس دہشت پر سوچے گا ۔ کہاں ہے وہ گِننے والا؟کہاں ہے وہ تولنے والا؟ کہاں ہے وہ جو بُرجوں کو گِنتاتھا؟۔

19. تُو پِھر اُن تُندخُو لوگوں کو نہ دیکھے گا جِن کی بولی تُو سمجھ نہیں سکتا ۔ جِن کی زُبان بیگانہ ہے جو تیری سمجھ میں نہیں آتی۔

20. ہماری عِیدگاہ صِیُّون پر نظر کر ۔ تیری آنکھیں یروشلیِم کو دیکھیں گی جو سلامتی کا مقام ہے بلکہ اَیسا خَیمہ جوہِلایا نہ جائے گا ۔ جِس کی میخوں میں سے ایک بھی اُکھاڑی نہ جائے گی اور اُس کی ڈورِیوں میں سے ایک بھی توڑی نہ جائے گی۔

یسعیاہ 33