5. وہ صِیُّو ن کی طرف مُتوجِّہ ہو کر اُس کی راہ پُوچھیں گے کہ آؤ ہم خُداوند سے مِل کر اُس سے ابدی عہد کریں جو کبھی فراموش نہ ہو۔
6. میرے لوگ بھٹکی ہُوئی بھیڑوں کی مانِند ہیں ۔ اُن کے چَرواہوں نے اُن کو گُمراہ کر دِیا ۔ اُنہوں نے اُن کو پہاڑوں پر لے جا کر چھوڑ دِیا ۔ وہ پہاڑوں سے ٹِیلوں پر گئے اور اپنے آرام کا مکان بُھول گئے ہیں۔
7. سب جِنہوں نے اُن کو پایا اُن کو نِگل گئے اور اُن کے دُشمنوں نے کہا ہم قصُوروار نہیں ہیں کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے ۔ وہ خُداوند جو مسکنِ صداقت اور اُن کے باپ دادا کی اُمّیدگاہ ہے۔
8. بابل میں سے بھاگو اور کسدیوں کی سرزمِین سے نِکلواور اُن بکروں کی مانِند ہو جو گلّوں کے آگے آگے چلتے ہیں۔
9. کیونکہ دیکھ مَیں شِمال کی سرزمِین سے بڑی قَوموں کے انبوہ کو برپا کرُوں گا اور بابل پر چڑھا لاؤُں گا اور وہ اُس کے مُقابِل صف آرا ہوں گے ۔ وہاں سے اُس پر قبضہ کر لیں گے ۔ اُن کے تِیرکار آزمُودہ بہادُر کے سے ہوں گے جو خالی ہاتھ نہیں لَوٹتا۔
10. کسدِستان لُوٹا جائے گا اُسے لُوٹنے والے سب آسُودہ ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔
11. اَے میری مِیراث کو لُوٹنے والو چُونکہ تُم شادمان اور خُوش ہو اور داؤنے والی بچھیا کی مانِند کُودتے پھاندتے اور طاقت ور گھوڑوں کی مانِند ہِنہناتے ہو۔
12. اِس لِئے تُمہاری ماں نِہایت شرمِندہ ہو گی ۔ تُمہاری والِدہ خجالت اُٹھائے گی ۔ دیکھو وہ قَوموں میں سب سے آخِری ٹھہرے گی اور بیابان و خُشک زمِین اور ریگستان ہو گی۔