ہوسیعَِ 5 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اَے کاہِنو یہ بات سُنو! اَے بنی اِسرائیل کان لگاؤ! اَے بادشاہ کے گھرانے سُنو! اِس لِئے کہ فتویٰ تُم پرہے کیونکہ تُم مِصفا ہ میں پھندا اور تبُور پر دام بنے ہو۔

2. باغی خُونریزی میں غرق ہیں لیکن مَیں اُن سب کی تادِیب کرُوں گا۔

3. مَیں اِفرائِیم کو جانتا ہُوں اور اِسرائیل بھی مُجھ سے چُھپا نہیں کیونکہ اَے اِفرائِیم تُو نے بدکاری کی ہے ۔ اِسرائیل نِجس ہُؤا۔

ہوسِیعَ بُت پرستی کے خِلاف خبردار کرتاہے

4. اُن کے اعمال اُن کو خُدا کی طرف رجُوع نہیں ہونے دیتے کیونکہ بدکاری کی رُوح اُن میں مَوجُود ہے اور وہ خُداوند کو نہیں جانتے۔

5. اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے اوراِسرائیل اور اِفرائِیم اپنی بدکرداری میں گِریں گے اور یہُودا ہ بھی اُن کے ساتھ گِرے گا۔

6. وہ اپنے ریوڑوں اور گلّوں کے وسِیلہ سے خُداوند کے طالِب ہوں گے لیکن اُس کو نہ پائیں گے ۔ وہ اُن سے دُورہو گیا ہے۔

7. اُنہوں نے خُداوند کے ساتھ بیوفائی کی کیونکہ اُن سے اجنبی بچّے پَیدا ہُوئے ۔ اب ایک مہِینے کا عرصہ اُن کی جائیداد سمیت اُن کو کھا جائے گا۔

یہُوداہ اور اِسرا ئیل کے درمِیان جنگ

8. جِبِعہ میں قرنا پُھونکو اور رامہ میں تُرہی ۔ بَیت آو ن میں للکارو کہ اَے بِنیمِین خبردار پِیچھے دیکھ!۔

9. تادِیب کے دِن اِفرائِیم وِیران ہو گا ۔ جو کُچھ یقِیناًہونے والا ہے مَیں نے اِسرائیلی قبائِل کو جتا دِیا ہے۔

10. یہُودا ہ کے اُمرا سرحدّوں کو سرکانے والوں کی مانِند ہیں ۔ مَیں اُن پر اپنا قہر پانی کی طرح اُنڈیلُوں گا۔

11. اِفرائِیم مظلُوم اور فتویٰ سے دبا ہے کیونکہ اُس نے تقلِید پر قناعت کی۔

12. پس مَیں اِفرائِیم کے لِئے کِیڑا ہُوں گا اور یہُودا ہ کے گھرانے کے لِئے گُھن۔

13. جب اِفرائِیم نے اپنی بِیماری اور یہُودا ہ نے اپنے زخم کو دیکھا تو اِفرائِیم اسُور کو گیا اور اُس مُخالِف بادشاہ کو دعوت دی لیکن وہ نہ تُم کو شِفا دے سکتا ہے اور نہ تُمہارے زخم کا اِندِمال کر سکتا ہے۔

14. کیونکہ مَیں اِفرائِیم کے لِئے شیرِ بَبر اور بنی یہُوداہ کے لِئے جوان شیر کی مانِند ہُوں گا ۔ مَیں ہاں مَیں ہی پھاڑُوں گا اور چلا جاؤُں گا ۔ مَیں اُٹھا لے جاؤُں گا اورکوئی چُھڑانے والا نہ ہو گا۔

15. مَیں روانہ ہُوں گا اور اپنے مسکن کو چلا جاؤُں گا جب تک کہ وہ اپنے گُناہوں کااِقرار کر کے میرے چِہرہ کے طالِب نہ ہوں ۔ وہ اپنی مُصِیبت میں بڑی سرگرمی سے میرے طالِب ہوں گے۔