11. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ۔
12. اگر کِسی کی بِیوی گُمراہ ہو کر اُس سے بیوفائی کرے۔
13. اور کوئی دُوسرا آدمی اُس عَورت کے ساتھ مُباشرت کرے اور اُس کے شَوہر کو معلُوم نہ ہو بلکہ یہ اُس سے پوشِیدہ رہے اور وہ ناپاک ہو گئی ہو پر نہ تو کوئی شاہِد ہو اور نہ وہ عَین فعل کے وقت پکڑی گئی ہو۔
14. اور اُس کے شَوہر کے دِل میں غَیرت آئے اور وہ اپنی بِیوی سے غَیرت کھانے لگے حالانکہ وہ ناپاک ہُوئی ہو یا اُس کے شَوہر کے دِل میں غَیرت آئے اور وہ اپنی بِیوی سے غَیرت کھانے لگے حالانکہ وہ ناپاک نہیں ہُوئی۔
15. تو وہ شخص اپنی بِیوی کو کاہِن کے پاس حاضِر کرے اور اُس عَورت کے چڑھاوے کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر جَو کا آٹا لائے پر اُس پر نہ تیل ڈالے نہ لُبان رکھّے کیونکہ یہ نذر کی قُربانی غَیرت کی ہے یعنی یہ یادگاری کی نذر کی قُربانی ہے جِس سے گُناہ یاد دِلایا جاتا ہے۔
16. تب کاہِن اُس عَورت کو نزدِیک لا کر خُداوند کے حضُور کھڑی کرے۔
17. اور کاہِن مِٹّی کے ایک باسن میں مُقدّس پانی لے اور مسکن کے فرش کی گرد لے کر اُس پانی میں ڈالے۔
18. پِھر کاہِن اُس عَورت کو خُداوند کے حضُور کھڑی کر کے اُس کے سر کے بال کُھلوا دے اور یادگاری کی نذر کی قُربانی کو جو غَیرت کی نذر کی قُربانی ہے اُس کے ہاتھوں پر دھرے اور کاہِن اپنے ہاتھ میں اُس کڑوے پانی کو لے جو لَعنت کو لاتا ہے۔
19. پِھر کاہِن اُس عَورت کو قَسم کِھلا کر کہے کہ اگر کِسی شخص نے تُجھ سے صُحبت نہیں کی ہے اور تُو اپنے شَوہر کی ہوتی ہُوئی ناپاکی کی طرف مائِل نہیں ہُوئی تو تُو اِس کڑوے پانی کی تاثیر سے جو لَعنت لاتا ہے بچی رہ۔
20. لیکن اگر تُو اپنے شَوہر کی ہوتی ہُوئی گُمراہ ہو کر ناپاک ہو گئی ہے اور تیرے شَوہر کے سِوا کِسی دُوسرے شخص نے تُجھ سے صُحبت کی ہے۔
21. تو کاہِن اُس عَورت کو لَعنت کی قَسم کِھلا کر اُس سے کہے کہ خُداوند تُجھے تیری قَوم میں تیری ران کو سڑا کر اور تیرے پیٹ کو پُھلا کر لَعنت اور پھٹکار کا نِشانہ بنائے۔
22. اور یہ پانی جو لَعنت لاتا ہے تیری انتڑیوں میں جا کر تیرے پیٹ کو پُھلائے اور تیری ران کوسڑائے۔اور عَورت آمِین آمِین کہے۔
23. پِھر کاہِن اُن لَعنتوں کو کِسی کِتاب میں لِکھ کر اُن کو اُسی کڑوے پانی میں دھو ڈالے۔
24. اور وہ کڑوا پانی جو لَعنت کو لاتا ہے اُس عَورت کو پِلائے اور وہ پانی جو لَعنت کو لاتا ہے اُس عَورت کے پیٹ میں جا کر کڑوا ہو جائے گا۔
25. اور کاہِن اُس عَورت کے ہاتھ سے غَیرت کی نذر کی قُربانی کو لے کر خُداوند کے حضُور اُس کو ہِلائے اور اُسے مذبح کے پاس لائے۔
26. پِھر کاہِن اُس نذر کی قُربانی میں سے اُس کی یادگاری کے طَور پر ایک مُٹّھی لے کر اُسے مذبح پر جلائے بعد اُس کے وہ پانی اُس عَورت کو پِلائے۔