گِنتی 16:40-50 Urdu Bible Revised Version (URD)

40. تاکہ بنی اِسرائیل کے لِئے ایک یادگار ہو کہ کوئی غَیر شخص جو ہارُون کی نسل سے نہیں خُداوند کے حضُور بخُور جلانے کو نزدِیک نہ جائے تا نہ ہو کہ وہ قورح اور اُس کے فریق کی طرح ہلاک ہو جَیسا خُداوند نے اُس کو مُوسیٰ کی معرفت بتا دِیا تھا۔

41. لیکن دُوسرے ہی دِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے مُوسیٰ اور ہارُون کی شِکایت کی اور کہنے لگے کہ تُم نے خُداوند کے لوگوں کو مار ڈالا ہے۔

42. اور جب وہ جماعت مُوسیٰ اور ہارُون کے خِلاف اِکٹّھی ہو رہی تھی تو اُنہوں نے خَیمۂِ اِجتماع کی طرف نِگاہ کی اور دیکھا کہ ابر اُس پر چھایا ہُؤا ہے اور خُداوند کا جلال نُمایاں ہے۔

43. تب مُوسیٰ اور ہارُون خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے آئے۔

44. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

45. تُم اِس جماعت کے بِیچ سے ہٹ جاؤ تاکہ مَیں اِن کو ایک پل میں بھسم کر ڈالُوں ۔تب وہ مُنہ کے بل گِرے۔

46. اور مُوسیٰ نے ہارُون سے کہا اپنا بخُور دان لے اور مذبح پر سے آگ لے کر اُس میں ڈال اور اُس پر بخُور جلا اور جلد جماعت کے پاس جا کر اُن کے لِئے کفّارہ دے کیونکہ خُداوند کا قہر نازِل ہُؤا ہے اور وبا شرُوع ہو گئی۔

47. مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق ہارُون بخُور دان لے کر جماعت کے بِیچ میں دَوڑتا ہُؤا گیا اور دیکھا کہ وبا لوگوں میں پَھیلنے لگی ہے ۔ سو اُس نے بخُور جلایا اور اُن لوگوں کے لِئے کفّارہ دِیا۔

48. اور وہ مُردوں اور زِندوں کے بِیچ میں کھڑا ہُؤا ۔ تب وبا مَوقُوف ہُوئی۔

49. سو علاوہ اُن کے جو قورح کے مُعاملہ کے سبب سے ہلاک ہُوئے تھے چَودہ ہزار سات سَو آدمی وبا سے چھیج گئے۔

50. پِھرہارُون لَوٹ کر خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر مُوسیٰ کے پاس آیا اور وبا مَوقُوف ہو گئی۔

گِنتی 16