1. اور اُس نے سوختنی قُربانی کا مذبح کِیکر کی لکڑی کا بنایا ۔ اُس کی لمبائی پانچ ہاتھ اور چَوڑائی پانچ ہاتھ تھی ۔ وہ چَوکُھونٹا تھا اور اُس کی اُونچائی تِین ہاتھ تھی۔
2. اور اُس نے اُس کے چاروں کونوں پر سِینگ بنائے ۔ سِینگ اور وہ مذبح دونوں ایک ہی ٹُکڑے کے تھے اور اُس نے اُس کو پِیتل سے منڈھا۔
3. اور اُس نے مذبح کے سب ظُروف یعنی دیگیں اور بیلچے اور کٹورے اور سیخیں اور انگیٹھیاں بنائِیں ۔ اُس کے سب ظرُوف پِیتل کے تھے۔
4. اور اُس نے مذبح کے لِئے اُس کی چاروں طرف کنارے کے نِیچے پِیتل کی جالی کی جھنجری اِس طرح لگائی کہ وہ اُس کی آدھی دُور تک پُہنچتی تھی۔
5. اور اُس نے پِیتل کی جھنجری کے چاروں کونوں میں لگانے کے لِئے چار کڑے ڈھالے تاکہ چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں۔
6. اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو پِیتل سے منڈھا۔
7. اور اُس نے وہ چوبیں مذبح کی دونوں طرف کے کڑوں میں اُس کے اُٹھانے کے لِئے ڈال دِیں ۔ وہ کھوکھلا تختوں کا بنا ہُؤا تھا۔
8. اور جو خِدمت گُذار عَورتیں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خِدمت کرتی تِھیں اُن کے آئینوں کے پِیتل سے اُس نے پِیتل کا حَوض اور پِیتل ہی کی اُس کی کُرسی بنائی۔
9. پِھر اُس نے صحن بنایا اور جنُوبی سِمت کے لِئے اُس صحن کے پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے تھے اور سب مِلا کر سَو ہاتھ لمبے تھے۔