خُرُوج 30:1-14 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور تُو بخُور جلانے کے لِئے کِیکر کی لکڑی کی ایک قُربان گاہ بنانا۔

2. اُس کی لمبائی ایک ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ ہو ۔ وہ چَوکُھونٹی رہے اور اُس کی اُونچائی دو ہاتھ ہو اور اُس کے سِینگ اُسی ٹُکڑے سے بنائے جائیں۔

3. اور تُو اُس کی اُوپر کی سطح اور چاروں پہلُوؤں کو جو اُس کے گِرداگِرد ہیں اور اُس کے سِینگوں کو خالِص سونے سے منڈھنا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

4. اور تُو اُس تاج کے نِیچے اُس کے دونوں پہلُوؤں میں سونے کے دو کڑے اُس کی دونوں طرف بنانا ۔ وہ اُس کے اُٹھانے کی چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں گے۔

5. اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو سونے سے منڈھنا۔

6. اور تُو اُس کو اُس پردہ کے آگے رکھنا جو شہادت کے صندُوق کے سامنے ہے ۔ وہ سرپوش کے سامنے رہے جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے جہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا۔

7. اِسی پر ہارُو ن خُوشبُودار بخُور جلایا کرے ۔ ہر صُبح چراغوں کو ٹھیک کرتے وقت بخُور جلائے۔

8. اور زوال غرُوب کے درمیان بھی جب ہارُو ن چراغوں کو رَوشن کرے تب بخُور جلائے ۔ یہ بخُور خُداوند کے حضُور تُمہاری پُشت در پُشت ہمیشہ جلایا جائے۔

9. اور تُم اُس پر اَور طرح کا بخُور نہ جلانا نہ اُس پر سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی چڑھانا اور کوئی تپاون بھی اُس پر نہ تپانا۔

10. اور ہارُو ن سال میں ایک بار اُس کے سِینگوں پر کفّارہ دے ۔ تُمہاری پُشت در پُشت سال میں ایک بار اِس خطا کی قُربانی کے خُون سے جو کفّارہ کے لِئے ہو اُس کے واسطے کفّارہ دِیا جائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے سب سے زِیادہ پاک ہے۔

11. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

12. جب تُو بنی اِسرائیل کا شُمار کرے تو جِتنوں کا شُمار ہُؤا ہو وہ فی مَرد شُمار کے وقت اپنی جان کا فِدیہ خُداوند کے لِئے دیں تاکہ جب تُو اُن کا شُمار کر رہا ہو اُس وقت کوئی وبا اُن میں پَھیلنے نہ پائے۔

13. ہر ایک جو نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتا جائے وہ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے نِیم مِثقال دے ۔ مِثقال بِیس جِیرہ کی ہوتی ہے ۔ یہ نِیم مِثقال خُداوند کے لِئے نذر ہے۔

14. جِتنے بِیس برس کے یا اِس سے زِیادہ عُمر کے نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتے جائیں اُن میں سے ہر ایک خُداوند کی نذر دے۔

خُرُوج 30