خُرُوج 21:14-29 Urdu Bible Revised Version (URD)

14. اور اگر کوئی دِیدہ و دانِستہ اپنے ہمسایہ پر چڑھ آئے تاکہ اُسے مَکر سے مار ڈالے تو تُو اُسے میری قُربان گاہ سے جُدا کر دینا تاکہ وہ مارا جائے۔

15. اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں کو مارے وہ قطعی جان سے مارا جائے۔

16. اور جو کوئی کِسی آدمی کو چُرائے خواہ وہ اُسے بیچ ڈالے خواہ وہ اُس کے ہاں مِلے وہ قطعی مار ڈالا جائے۔

17. اور جو اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ قطعی مار ڈالا جائے۔

18. اور اگر دو شخص جھگڑیں اور ایک دُوسرے کو پتّھر یا مُکّا مارے اور وہ مَرے تو نہیںپر بِسترپرپڑا رہے۔

19. تو جب وہ اُٹھ کر اپنی لاٹھی کے سہارے باہر چلنے پِھرنے لگے تب وہ جِس نے مارا تھا بری ہو جائے اور فقط اُس کا ہرجانہ بھر دے اور اُس کا پُورا عِلاج کرا دے۔

20. اور اگر کوئی اپنے غُلام یا لَونڈی کو لاٹھی سے اَیسا مارے کہ وہ اُس کے ہاتھ سے مَر جائے تو اُسے ضرُور سزا دی جائے۔

21. لیکن اگر وہ ایک دو دِن جِیتا رہے تو آقا کو سزا نہ دی جائے اِس لِئے کہ وہ غُلام اُس کامال ہے۔

22. اگر لوگ آپس میں مار پِیٹ کریں اور کِسی حامِلہ کو اَیسی چوٹ پُہنچائیں کہ اُسے اِسقاط ہو جائے پر اَور کوئی نُقصان نہ ہو تو اُس سے جِتنا جُرمانہ اُس کا شَوہر تجوِیز کرے لِیا جائے اور وہ جِس طرح قاضی فَیصلہ کریں جُرمانہ بھر دے۔

23. لیکن اگر نُقصان ہو جائے تو تُو جان کے بدلے جان لے۔

24. اور آنکھ کے بدلے آنکھ ۔ دانت کے بدلے دانت اور ہاتھ کے بدلے ہاتھ ۔ پاؤں کے بدلے پاؤں۔

25. جلانے کے بدلے جلانا ۔ زخم کے بدلے زخم اور چوٹ کے بدلے چوٹ۔

26. اور اگر کوئی اپنے غُلام یا اپنی لَونڈی کی آنکھ پر اَیسا مارے کہ وہ پُھوٹ جائے تو وہ اُس کی آنکھ کے بدلے اُسے آزاد کر دے۔

27. اگر کوئی اپنے غُلام یا اپنی لَونڈی کا دانت مار کر توڑ دے تو وہ اُس کے دانت کے بدلے اُسے آزاد کر دے۔

28. اگر بَیل کِسی مَرد یا عَورت کو اَیسا سِینگ مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ بَیل ضرُور سنگسار کِیا جائے اور اُس کا گوشت کھایا نہ جائے لیکن بَیل کا مالِک بے گُناہ ٹھہرے۔

29. پر اگر اُس بَیل کی پہلے سے سِینگ مارنے کی عادت تھی اور اُس کے مالِک کو بتا بھی دِیا گیا تھا تَو بھی اُس نے اُسے باندھ کر نہیں رکھّا اور اُس نے کِسی مَرد یا عَورت کو مار دِیا ہو تو بَیل سنگسار کِیا جائے اور اُس کا مالِک بھی مارا جائے۔

خُرُوج 21