خُرُوج 13:1-8 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور خُداوند نے مو سیٰ کو فرمایا کہ۔

2. سب پہلَوٹھوں کو یعنی جو بنی اِسرائیل میں خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان پہلَوٹھی کے بچّے ہوں اُن کو میرے لِئے مُقدّس ٹھہرا کیونکہ وہ میرے ہیں۔

3. اور مُو سیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تُم اِس دِن کو یاد رکھنا جِس میں تُم مِصر سے جو غُلامی کا گھر ہے نِکلے کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے تُم کو وہاں سے نِکال لایا ۔ اِس میں خمِیری روٹی کھائی نہ جائے۔

4. تُم ابیب کے مہِینے میں آج کے دِن نِکلے ہو۔

5. سو جب خُداوند تُجھ کو کنعانیوں اور حِتیّوں اور امورِیوں اور حویوں اور یبوسیوں کے مُلک میں پُہنچا دے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اور جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تو تُو اِسی مہِینے میں یہ عِبادت کِیا کرنا۔

6. سات دِن تک تو تُو بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند کی عِید منانا۔

7. بے خمِیری روٹی ساتوں دِن کھائی جائے اور خمِیری روٹی تیرے پاس دِکھائی بھی نہ دے اور نہ تیرے مُلک کی حُدُود میں کہِیں کُچھ خمِیر نظر آئے۔

8. اور تُو اُس روز اپنے بیٹے کو یہ بتانا کہ اِس دِن کو مَیں اُس کام کے سبب سے مانتا ہُوں جو خُداوند نے میرے لِئے اُس وقت کِیا جب مَیں مُلکِ مِصر سے نِکلا۔

خُرُوج 13