1. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن کے پاس جا کیونکہ مَیں ہی نے اُس کے دِل اور اُس کے نوکروں کے دِل کو سخت کر دِیا ہے تاکہ مَیں اپنے یہ نِشان اُن کے بِیچ دِکھاؤُں۔
2. اور تُو اپنے بیٹے اور اپنے پوتے کو میرے نِشان اور وہ کام جو مَیں نے مِصر میں اُن کے درمیان کِئے سُنائے اور تُم جان لو کہ خُداوند مَیں ہی ہُوں۔
3. اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے فِرعو ن کے پاس جا کر اُس سے کہا کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُو کب تک میرے سامنے نِیچا بننے سے اِنکار کرے گا؟ میرے لوگوں کو جانے دے کہ وہ میری عِبادت کریں۔
4. ورنہ اگر تُو میرے لوگوں کو جانے نہ دے گا تو دیکھ کل مَیں تیرے مُلک میںٹِڈّیاں لے آؤُں گا۔
5. اور وہ زمِین کی سطح کو اَیسا ڈھانک لیں گی کہ کوئی زمِین کو دیکھ بھی نہ سکے گا اور تُمہارا جو کُچھ اَولوں سے بچ رہا ہے وہ اُسے کھا جائیں گی اور تُمہارے جِتنے درخت مَیدان میں لگے ہیں اُن کو بھی چٹ کر جائیں گی۔
6. اور وہ تیرے اور تیرے نوکروں بلکہ سب مِصریوں کے گھروں میں بھر جائیں گی اور اَیسا تیرے آبا و اجداد نے جب سے وہ پَیدا ہُوئے اُس وقت سے آج تک نہیں دیکھا ہو گا اور وہ لَوٹ کر فِرعو ن کے پاس سے چلا گیا۔
7. تب فِرعو ن کے نوکر فِرعو ن سے کہنے لگے کہ یہ شخص کب تک ہمارے لِئے پھندا بنا رہے گا؟ اِن لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کریں ۔ کیا تُجھے خبر نہیں کہ مِصر برباد ہو گیا؟۔
8. تب مُوسیٰ اور ہارُو ن فِرعو ن کے پاس پِھر بُلا لِئے گئے اور اُس نے اُن کو کہا کہ جاؤ اور خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کرو پر وہ کَون کَون ہیں جو جائیں گے؟۔
9. مُوسیٰ نے کہا کہ ہم اپنے جوانوں اور بُڈّھوں اور اپنے بیٹوں اور بیٹیوں اور اپنی بھیڑ بکرِیوں اور اپنے گائے بَیلوں سمیت جائیں گے کیونکہ ہم کو اپنے خُدا کی عِید کرنی ہے۔
10. تب اُس نے اُن کو کہا کہ خُداوند ہی تُمہارے ساتھ رہے ۔ مَیں تو ضرُور ہی تُم کو بچّوں سمیت جانے دُوں گا ۔ خبردار ہو جاؤ ۔ اِس میں تُمہاری خرابی ہے۔
11. نہیں ۔ اَیسا نہیں ہونے پائے گا ۔ سو تُم مَرد ہی مَرد جا کر خُداوند کی عِبادت کرو کیونکہ تُم یہی چاہتے تھے اور وہ فِرعو ن کے پاس سے نِکال دِئے گئے۔
12. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مُلکِ مِصر پر اپنا ہاتھ بڑھا تاکہ ٹِڈّیاں مُلکِ مِصر پر آئیں اور ہر قِسم کی سبزی کو جو اِس مُلک میں اَولوں سے بچ رہی ہے چَٹ کر جائیں۔