15. اور جب وہ مُلک میں سے گُذریں اور اُن میں سے کوئی کِسی آدمی کی ہڈّی دیکھے تو اُس کے پاس ایک نِشان کھڑا کرے گا جب تک دفن کرنے والے جمعِیّتِ جُوج کی وادی میں اُسے دفن نہ کریں۔
16. اور شہر بھی جمعِیّت کہلائے گا۔ یُوں وہ زمِین کو پاک کریں گے۔
17. اور اَے آدم زاد خُداوند خُدا فرماتا ہے ہر قِسم کے پرِندے اور مَیدان کے ہر ایک جانور سے کہہ جمع ہو کرآؤ میرے اُس ذبِیحہ پر جِسے مَیں تُمہارے لِئے ذبح کرتا ہُوں ہاں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک بڑے ذبِیحہ پر ہرطرف سے جمع ہو تاکہ تُم گوشت کھاؤ اور خُون پِیو۔
18. تُم بہادُروں کا گوشت کھاؤ گے اور زمِین کے اُمراکا خُون پِیو گے ۔ ہاں مینڈھوں ۔ برّوں ۔ بکروں اور بَیلوں کا ۔ وہ سب کے سب بسن کے فربِہ ہیں۔
19. اور تُم میرے ذبِیحہ کی جِسے مَیں نے تُمہارے لِئے ذبح کِیا یہاں تک چربی کھاؤ گے کہ سیر ہو جاؤ گے اوراِتنا خُون پِیو گے کہ مَست ہو جاؤ گے۔
20. اور تُم میرے دسترخوان پر گھوڑوں اور سواروں سے اور بہادُروں اور تمام جنگی مَردوں سے سیر ہو گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔
21. اور مَیں قَوموں کے درمِیان اپنی بزُرگی ظاہِر کرُوں گااور تمام قَومیں میری سزا کو جو مَیں نے دی اور میرے ہاتھ کو جو مَیں نے اُن پر رکھّا دیکھیں گی۔
22. اور بنی اِسرائیل جانیں گے کہ اُس دِن سے لے کر آگے کو مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔
23. اور قَومیں جانیں گی کہ بنی اِسرائیل اپنی بدکرداری کے سبب سے اسِیری میں گئے ۔ چُونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے اِس لِئے مَیں نے اُن سے مُنہ چُھپایا اور اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ میں کر دِیا اور وہ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے۔
24. اُن کی ناپاکی اور خطاکاری کے مُطابِق مَیں نے اُن سے سلُوک کِیا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپایا۔
25. لیکن خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اب مَیں یعقُو ب کی اسِیری کو مَوقُوف کرُوں گا اور تمام بنی اِسرائیل پر رحم کرُوں گا اور اپنے مُقدّس نام کے لِئے غیُور ہُوں گا۔
26. اور وہ اپنی رُسوائی اور تمام خطاکاری جِس سے وہ میرے گُنہگار ہُوئے برداشت کریں گے ۔ جب وہ اپنی سرزمِین میں امن سے بُود و باش کریں گے تو کوئی اُن کو نہ ڈرائے گا۔
27. جب مَیں اُن کو اُمّتوں میں سے واپس لاؤُں گا اور اُن کے دُشمنوں کے مُلکوں سے فراہم کرُوں گا اور بُہت سی قَوموں کی نظروں میں اُن کے درمِیان میری تقدِیس ہو گی۔
28. تب وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اِس لِئے کہ مَیں نے اُن کو اقوام کے درمِیان اسِیری میں بھیجااور مَیں ہی نے اُن کو اُن کے مُلک میں جمع کِیا اور اُن میں سے ایک کو بھی وہاں نہ چھوڑا۔
29. اور مَیں پِھر کبھی اُن سے مُنہ نہ چُھپاؤُں گا کیونکہ مَیں نے اپنی رُوح بنی اِسرائیل پر نازِل کی ہے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔