حِزقی ایل 32:12-24 Urdu Bible Revised Version (URD)

12. مَیں تیری جمعیّت کو زبردستوں کی تلوار سے جو سب کے سب قَوموں میں ہَیبت ناک ہیں ہلاک کرُوں گا اور وہ مِصر کی شَوکت کو مَوقُوف اور اُس کی تمام جمعِیّت کو نیست کریں گے۔

13. اور مَیں اُس کے سب جانوروں کو آبِ کثِیر کے پاس سے نابُود کرُوں گا اور آگے کو نہ اِنسان کے پاؤں اُسے گدلا کریں گے نہ حَیوان کے سُم۔

14. تب مَیں اُن کا پانی صاف کر دُوں گا اور اُن کی ندِیاں رَوغن کی طرح جاری ہوں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

15. جب مَیں مُلکِ مِصر کو وِیران اور سُنسان کرُوں گا اور وہ اپنی معمُوری سے خالی ہو جائے گا ۔ جب مَیں اُس کے تمام باشِندوں کو ہلاک کرُوں گا تب وہ جانیں گے کہ خُداوندمَیں ہُوں۔

16. یہ وہ نَوحہ ہے جِس سے اُس پر ماتم کریں گے ۔ قَوموں کی بیٹِیاں اِس سے ماتم کریں گی ۔ وہ مِصر اور اُس کی تمام جمعِیّت پر اِسی سے ماتم کریں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

17. پِھربارھویں برس میں مہِینے کے پندرھویں دِن خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

18. کہ اَے آدم زاد مِصر کی جمعِیّت پر واوَیلا کر اور اُس کو اور نامدار قَوموں کی بیٹِیوں کو پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ زمِین کے اسفل میں گِرا دے۔

19. تُو حُسن میں کِس سے بڑھ کر تھا؟اُتر اور نامختُونوں کے ساتھ پڑا رہ۔

20. وہ اُن کے درمِیان گِریں گے جو تلوار سے قتل ہُوئے ۔ وہ تلوار کے حوالہ کِیا گیا ہے۔اُسے اور اُس کی تمام جمعِیّت کو گھسِیٹ لے جا۔

21. وہ جو زورآوروں میں سب سے توانا ہیں پاتال میں اُس سے اور اُس کے مددگاروں سے مُخاطِب ہوں گے ۔ وہ پاتال میں اُتر گئے ۔ وہ بے حِس پڑے ہیں یعنی وہ نامختُون جو تلوار سے قتل ہُوئے۔

22. اسُور اور اُس کی تمام جمعِیّت وہاں ہیں ۔ اُس کی چاروں طرف اُن کی قبریں ہیں ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے ہیں۔

23. جِن کی قبریں پاتال کی تہ میں ہیں اور اُس کی تمام جمعِیّت اُس کی قبر کے گِردا گِرد ہے ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے جو زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے۔

24. عَیلا م اور اُس کی تمام گروہ جو اُس کی قبر کے گِرداگِرد ہیں وہاں ہیں ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے ہیں ۔ وہ زمِین کے اسفل میں نامختُون اُتر گئے جو زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے اور اُنہوں نے پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ خجالت اُٹھائی ہے۔

حِزقی ایل 32