15. اور خُداوند ہر قِسم کی بیماری تُجھ سے دُور کرے گا اور مِصر کے اُن بُرے روگوں کو جِن سے تُو واقِف ہے تُجھ کو لگنے نہ دے گا بلکہ اُن کو اُن پر جو تُجھ سے عداوت رکھتے ہیں نازِل کرے گا۔
16. اور تُو اُن سب قَوموں کو جِن کو خُداوند تیرا خُدا تیرے قابُو میں کر دے گا نابُود کر ڈالنا ۔ تُو اُن پر ترس نہ کھانا اور نہ اُن کے دیوتاؤں کی عِبادت کرنا ورنہ یہ تیرے لِئے ایک جال ہو گا۔
17. اور اگر تیرا دِل بھی یہ کہے کہ یہ قَومیں تو مُجھ سے زِیادہ ہیں ۔ مَیں اُن کو کیونکر نِکالُوں؟۔
18. تَو بھی تُو اُن سے نہ ڈرنا بلکہ جو کُچھ خُداوند تیرے خُدا نے فِرعو ن اور سارے مِصر سے کِیا اُسے خُوب یاد رکھنا۔
19. یعنی اُن بڑے بڑے تجربوں کو جِن کو تیری آنکھوں نے دیکھا اور اُن نِشانوں اور مُعجِزوں اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو کو جِن سے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو نِکال لایا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا اَیسا ہی اُن سب قَوموں سے کرے گا جِن سے تُو ڈرتا ہے۔
20. بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن میں زنبُوروں کو بھیج دے گا یہاں تک کہ جو اُن میں سے باقی بچ کر چُھپ جائیں گے وہ بھی تیرے آگے سے ہلاک ہو جائیں گے۔
21. سو تُو اُن سے دہشت نہ کھانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے بِیچ میں ہے اور وہ خُدایِ عظِیم اور مُہِیب ہے۔
22. اور خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو تیرے آگے سے تھوڑا تھوڑا کر کے دفع کرے گا ۔ تُو ایک ہی دَم اُن کو ہلاک نہ کرنا ۔ اَیسا نہ ہو کہ جنگلی درِندے بڑھ کر تُجھ پر حملہ کرنے لگیں۔
23. بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے حوالہ کرے گا اور اُن کو اَیسی شِکستِ فاش دے گا کہ وہ نابُود ہو جائیں گے۔