اِستِثنا 3:19-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

19. مگر تُمہاری بِیویاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے (کیونکہ مُجھے معلُوم ہے کہ تُمہارے پاس چَوپائے بُہت ہیں) سو یہ سب تُمہارے اُن ہی شہروں میں رہ جائیں جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔

20. تاوقتیکہ خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو چَین نہ بخشے جَیسے تُم کو بخشا اور وہ بھی اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا یَردن کے اُس پار تُم کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں ۔ تب تُم سب اپنی مِلکِیّت میں جو مَیں نے تُم کو دی ہے لَوٹ کر آنے پاؤ گے۔

21. اور اُسی مَوقع پر مَیں نے یشُوع کو حُکم دِیا کہ جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے اِن دو بادشاہوں سے کِیا وہ سب تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ۔ خُداوند اَیسا ہی اُس پار اُن سب سلطنتوں کا حال کرے گا جہاں تُو جا رہا ہے۔

22. تُم اُن سے نہ ڈرنا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہاری طرف سے آپ جنگ کر رہا ہے۔

23. اُس وقت مَیں نے خُداوند سے عاجِزی کے ساتھ درخواست کی کہ۔

24. اَے خُداوند خُدا تُو نے اپنے بندہ کو اپنی عظمت اوراپنا زورآور ہاتھ دِکھانا شرُوع کِیا ہے کیونکہ آسمان میں یا زمِین پر اَیسا کَون معبُود ہے جو تیرے سے کام یا کرامات کر سکے۔

25. سو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے پار جانے دے کہ مَیں بھی اُس اچھّے مُلک کو جو یَردن کے پار ہے اور اُس خُوشنُما پہاڑ اور لُبنان کو دیکُھوں۔

26. لیکن خُداوند تُمہارے سبب سے مُجھ سے ناراض تھا اور اُس نے میری نہ سُنی بلکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ بس کر ۔ اِس مضمُون پر مُجھ سے پِھر کبھی کُچھ نہ کہنا۔

اِستِثنا 3