1. 0تُو اپنے بھائی کے بَیل یا بھیڑ کو بھٹکتی دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور تُو اُس کو اپنے بھائی کے پاس پُہنچا دینا۔
2. اور اگر تیرا بھائی تیرے نزدِیک نہ رہتا ہو یا تُو اُس سے واقِف نہ ہو تو تُو اُس جانور کو اپنے گھر لے آنا اور وہ تیرے پاس رہے جب تک تیرا بھائی اُس کی تلاش نہ کرے ۔ تب تُو اُسے اُس کو دے دینا۔
3. تُو اُس کے گدھے اور اُس کے کپڑے سے بھی اَیسا ہی کرنا ۔ غرض جو کُچھ تیرے بھائی سے کھویا جائے اور تُجھ کو مِلے تُو اُس سے اَیسا ہی کرنا اور رُوپوشی نہ کرنا۔
4. تُو اپنے بھائی کا گدھا یا بَیل راستہ میں گِرا ہُؤا دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور اُس کے اُٹھانے میں اُس کی مدد کرنا۔
5. عَورت مَرد کا لِباس نہ پہنے اور نہ مَرد عَورت کی پوشاک پہنے کیونکہ جو اَیسے کام کرتا ہے وہ خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔
6. اگر راہ چلتے اِتفاقاً کِسی پرِندہ کا گھونسلا درخت یا زمِین پر بچّوں یا انڈوں سمیت تُجھ کو مِل جائے اور ماں بچّوں یا انڈوں پر بَیٹھی ہُوئی ہو تو تُو بچّوں کو ماں سمیت نہ پکڑ لینا۔
7. بچّوں کو تُو لے تو لے پر ماں کو ضرُور چھوڑ دینا تاکہ تیرا بھلا ہو اور تیری عُمردراز ہو۔
8. جب تُو کوئی نیا گھر بنائے تو اپنی چھت پر مُنڈیر ضرُور لگانا تا نہ ہو کہ کوئی آدمی وہاں سے گِرے اور تیرے سبب سے وہ خُون تیرے ہی گھر والوں پر ہو۔
9. تُو اپنے تاکِستان میں دو قِسم کے بِیج نہ بونا تا نہ ہو کہ سارا پَھل یعنی جوبِیج تُو نے بویا اور تاکِستان کی پَیداوار دونوں ضبط کر لِئے جائیں۔
10. تُو بَیل اور گدھے دونوں کو ایک ساتھ جوت کر ہل نہ چلانا۔
11. تُو اُون اور سَن دونوں کی مِلاوٹ کا بُنا ہُؤا کپڑا نہ پہننا۔
12. تُو اپنے اوڑھنے کی چادر کے چاروں کناروں پر جھالر لگایا کرنا۔
13. اگر کوئی مَرد کِسی عَورت کو بیاہے اور اُس کے پاس جائے اور بعد اُس کے اُس سے نفرت کر کے۔
14. شرمناک باتیں اُس کے حق میں کہے اور اُسے بدنام کرنے کے لِئے یہ دعویٰ کرے کہ مَیں نے اِس عَورت سے بیاہ کِیا اور جب میں اُس کے پاس گیا تو مَیں نے کُنوارے پن کے نِشان اُس میں نہیں پائے۔
15. تب اُس لڑکی کا باپ اور اُس کی ماں اُس لڑکی کے کُنوارے پن کے نِشانوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر بزُرگوں کے پاس لے جائیں۔