احبار 8:14-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

14. اور وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو آگے لایا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھّے۔

15. پِھر اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو لے کر مذبح کے گِرداگِرد اُس کے سِینگوں پر اپنی اُنگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کِیا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل کر اُس کا کفّارہ دِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔

16. اور مُوسیٰ نے انتڑیوں کے اُوپر کی ساری چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں اور اُن کی چربی کو لِیا اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔

17. لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکرگاہ کے باہر آگ میں جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

18. پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔

19. اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔

20. پِھر اُس نے مینڈھے کے عُضو عُضو کو کاٹ کر الگ کِیا اور مُوسیٰ نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔

21. اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور مُوسیٰ نے پُورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا ۔ یہ سوختنی قُربانی راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

22. اور اُس نے دُوسرے مینڈھے کو جو تخصِیصی مینڈھا تھا حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔

23. اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے ہارُون کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا۔

24. پِھر وہ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔

25. اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔

26. اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔

احبار 8