43. سو کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر وہ دیکھے کہ اُس کے گنجے یا چندلے سر پر وہ داغ اَیسا سُرخی مائِل سفید رنگ لِئے ہُوئے ہے جَیسا جِلد کے کوڑھ میں ہوتا ہے۔
44. تو وہ آدمی کوڑھی ہے ۔ وہ ناپاک ہے اور کاہِن اُسے ضرُور ہی ناپاک قرار دے کیونکہ وہ مرض اُس کے سر پر ہے۔
45. اور جو کوڑھی اِس بلا میں مُبتلا ہو اُس کے کپڑے پھٹے اور اُس کے سر کے بال بِکھرے رہیں اور وہ اپنے اُوپر کے ہونٹ کو ڈھانکے اور چِلاّ چِلاّ کر کہے ناپاک ناپاک۔
46. جِتنے دِنوں تک وہ اِس بلا میں مُبتلا رہے وہ ناپاک رہے گا اور وہ ہے بھی ناپاک ۔ پس وہ اکیلا رہا کرے ۔ اُس کا مکان لشکرگاہ کے باہر ہو۔
47. اور وہ کپڑا بھی جِس میں کوڑھ کی بلا ہو خواہ وہ اُون کا ہو یا کتان کا۔
48. اور وہ بلا بھی خواہ کتان یا اُون کے کپڑے کے تانے میں یا اُس کے بانے میں ہو یا وہ چمڑے میں ہو یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز میں ہو۔
49. اگر وہ بلا کپڑے میں یا چمڑے میں ۔کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں سبزی مائِل یا سُرخی مائِل رنگ کی ہو تو وہ کوڑھ کی بلا ہے اور کاہِن کو دِکھائی جائے۔
50. اور کاہِن اُس بلا کو دیکھے اور اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے سات دِن تک بند رکھّے۔
51. اور ساتویں دِن اُس کو دیکھے ۔ اگر وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے پر یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز پر پَھیل گئی ہو تو وہ کھا جانے والا کوڑھ ہے اور ناپاک ہے۔
52. اور اُس اُون یا کتان کے کپڑے کو جِس کے تانے میں یا بانے میں وہ بلا ہے یا چمڑے کی اُس چِیز کو جِس میں وہ ہے جلا دے کیونکہ یہ کھا جانے والا کوڑھ ہے ۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔
53. اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یاچمڑے کی کِسی چِیز میں پَھیلی ہُوئی نظر نہیں آتی۔
54. تو کاہِن حُکم کرے کہ اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے دھوئیں اور وہ پِھر اُسے اَور سات دِن تک بند رکھّے۔
55. اور اُس بلا کے دھوئے جانے کے بعد کاہِن پِھر اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس بلا کا رنگ نہیں بدلا اور وہ پَھیلی بھی نہیں ہے تو وہ ناپاک ہے ۔ تُو اُس کپڑے کو آگ میں جلا دینا کیونکہ وہ کھا جانے والی بلا ہے خواہ اُس کا فساد اندرُونی ہو یا بیرُونی۔
56. اور اگر کاہِن دیکھے کہ دھونے کے بعد اُس بلا کی چمک کم ہو گئی ہے تو وہ اُسے اُس کپڑے سے یا چمڑے سے ۔ تانے یا بانے سے پھاڑ کر نِکال پھینکے۔
57. اور اگر وہ بلا پِھر بھی کپڑے کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی چِیز میں دِکھائی دے تو وہ پُھوٹ کر نِکل رہی ہے ۔ پس تُو اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے آگ میں جلا دینا۔
58. اور اگر اُس کپڑے کے تانے یا بانے میں سے یا چمڑے کی چِیز میں سے جِسے تُونے دھویا ہے وہ بلا جاتی رہے تو وہ چِیز دوبارہ دھوئی جائے اور وہ پاک ٹھہرے گی۔
59. اُون یا کتان کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں اگر کوڑھ کی بلا ہو تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے لِئے شرع یِہی ہے۔