۲۔کرنتھیوں 6:9-18 اردو جیو ورژن (UGV)

9. اگرچہ لوگ ہمیں جانتے ہیں توبھی ہمیں نظرانداز کیا جاتا ہے۔ ہم مرتے مرتے زندہ رہتے ہیں اور لوگ ہمیں مار مار کر قتل نہیں کر سکتے۔

10. ہم غم کھا کھا کر ہر وقت خوش رہتے ہیں، ہم غریب حالت میں بہتوں کو دولت مند بنا دیتے ہیں۔ ہمارے پاس کچھ نہیں ہے، توبھی ہمیں سب کچھ حاصل ہے۔

11. کُرِنتھس کے عزیزو، ہم نے کھل کر آپ سے بات کی ہے، ہمارا دل آپ کے لئے کشادہ ہو گیا ہے۔

12. جو جگہ ہم نے دل میں آپ کو دی ہے وہ اب تک کم نہیں ہوئی۔ لیکن آپ کے دلوں میں ہمارے لئے کوئی جگہ نہیں رہی۔

13. اب مَیں آپ سے جو میرے بچے ہیں درخواست کرتا ہوں کہ جواب میں ہمیں بھی اپنے دلوں میں جگہ دیں۔

14. غیرایمان داروں کے ساتھ مل کر ایک جوئے تلے زندگی نہ گزاریں، کیونکہ راستی کا ناراستی سے کیا واسطہ ہے؟ یا روشنی تاریکی کے ساتھ کیا تعلق رکھ سکتی ہے؟

15. مسیح اور ابلیس کے درمیان کیا مطابقت ہو سکتی ہے؟ ایمان دار کا غیرایمان دار کے ساتھ کیا واسطہ ہے؟

16. اللہ کے مقدِس اور بُتوں میں کیا اتفاق ہو سکتا ہے؟ ہم تو زندہ خدا کا گھر ہیں۔ اللہ نے یوں فرمایا ہے،”مَیں اُن کے درمیان سکونت کروں گااور اُن میں پھروں گا۔مَیں اُن کا خدا ہوں گا،اور وہ میری قوم ہوں گے۔“

17. چنانچہ رب فرماتا ہے،”اِس لئے اُن میں سے نکل آؤاور اُن سے الگ ہو جاؤ۔کسی ناپاک چیز کو نہ چھونا،تو پھر مَیں تمہیں قبول کروں گا۔

18. مَیں تمہارا باپ ہوں گااور تم میرے بیٹے بیٹیاں ہو گے،رب قادرِ مطلق فرماتا ہے۔“

۲۔کرنتھیوں 6