۱۔سلاطین 17:1-10 اردو جیو ورژن (UGV)

1. ایک دن الیاس نبی نے جو جِلعاد کے شہر تِشبی کا تھا اخی اب بادشاہ سے کہا، ”رب اسرائیل کے خدا کی قَسم جس کی خدمت مَیں کرتا ہوں، آنے والے سالوں میں نہ اوس، نہ بارش پڑے گی جب تک مَیں نہ کہوں۔“

2. پھر رب نے الیاس سے کہا،

3. ”یہاں سے چلا جا! مشرق کی طرف سفر کر کے وادیٔ کریت میں چھپ جا جس کی ندی دریائے یردن میں بہتی ہے۔

4. پانی تُو ندی سے پی سکتا ہے، اور مَیں نے کوّوں کو تجھے وہاں کھانا کھلانے کا حکم دیا ہے۔“

5. الیاس رب کی سن کر روانہ ہوا اور وادیٔ کریت میں رہنے لگا جس کی ندی دریائے یردن میں بہتی ہے۔

6. صبح و شام کوّے اُسے روٹی اور گوشت پہنچاتے رہے، اور پانی وہ ندی سے پیتا تھا۔

7. اِس پورے عرصے میں بارش نہ ہوئی، اِس لئے ندی آہستہ آہستہ سوکھ گئی۔ جب اُس کا پانی بالکل ختم ہو گیا

8. تو رب دوبارہ الیاس سے ہم کلام ہوا،

9. ”یہاں سے روانہ ہو کر صیدا کے شہر صارپت میں جا بس۔ مَیں نے وہاں کی ایک بیوہ کو تجھے کھانا کھلانے کا حکم دیا ہے۔“

10. چنانچہ الیاس صارپت کے لئے روانہ ہوا۔سفر کرتے کرتے وہ شہر کے دروازے کے پاس پہنچ گیا۔ وہاں ایک بیوہ جلانے کے لئے لکڑیاں چن کر جمع کر رہی تھی۔ اُسے بُلا کر الیاس نے کہا، ”ذرا کسی برتن میں پانی بھر کر مجھے تھوڑا سا پلائیں۔“

۱۔سلاطین 17