17. اسرائیلی قوم شیرببروں کے حملے سے بکھرے ہوئے ریوڑ کی مانند ہے۔ کیونکہ پہلے شاہِ اسور نے آ کر اُسے ہڑپ کر لیا، پھر شاہِ بابل نبوکدنضر نے اُس کی ہڈیوں کو چبا لیا۔“
18. اِس لئے رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے، ”پہلے مَیں نے شاہِ اسور کو سزا دی، اور اب مَیں شاہِ بابل کو اُس کے ملک سمیت وہی سزا دوں گا۔
19. لیکن اسرائیل کو مَیں اُس کی اپنی چراگاہ میں واپس لاؤں گا، اور وہ دوبارہ کرمل اور بسن کی ڈھلانوں پر چَرے گا، وہ دوبارہ افرائیم اور جِلعاد کے پہاڑی علاقوں میں سیر ہو جائے گا۔“
20. رب فرماتا ہے، ”اُن دنوں میں جو اسرائیل کا قصور ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کرے اُسے کچھ نہیں ملے گا۔ یہی یہوداہ کی حالت بھی ہو گی۔ اُس کے گناہ پائے نہیں جائیں گے، کیونکہ جن لوگوں کو مَیں زندہ چھوڑوں گا اُنہیں مَیں معاف کر دوں گا۔“
21. رب فرماتا ہے، ”ملکِ مراتائم اور فقود کے باشندوں پر حملہ کرو! اُنہیں مارتے مارتے صفحۂ ہستی سے مٹا دو! جو بھی حکم مَیں نے دیا اُس پر عمل کرو۔
22. ملکِ بابل میں جنگ کا شور شرابہ سنو! بابل کی ہول ناک شکست دیکھو!
23. جو پہلے تمام دنیا کا ہتھوڑا تھا اُسے توڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا ہے۔ بابل کو دیکھ کر لوگوں کو سخت دھچکا لگتا ہے۔
24. اے بابل، مَیں نے تیرے لئے پھندا لگا دیا، اور تجھے پتا نہ چلا بلکہ تُو اُس میں پھنس گیا۔ چونکہ تُو نے رب کا مقابلہ کیا اِسی لئے تیرا کھوج لگایا گیا اور تجھے پکڑا گیا۔“
25. قادرِ مطلق جو رب الافواج ہے فرماتا ہے، ”مَیں اپنا اسلحہ خانہ کھول کر اپنا غضب نازل کرنے کے ہتھیار نکال لایا ہوں، کیونکہ ملکِ بابل میں اُن کی اشد ضرورت ہے۔
26. چاروں طرف سے بابل پر چڑھ آؤ! اُس کے اناج کے گوداموں کو کھول کر سارے مال کا ڈھیر لگاؤ! پھر سب کچھ نیست و نابود کرو، کچھ بچا نہ رہے۔
27. اُس کے تمام بَیلوں کو ذبح کرو! سب قصائی کی زد میں آئیں! اُن پر افسوس، کیونکہ اُن کا مقررہ دن، اُن کی سزا کا وقت آ گیا ہے۔