استثنا 7:2-14 اردو جیو ورژن (UGV)

2. توبھی رب تیرا خدا اُنہیں تیرے حوالے کرے گا۔ جب تُو اُنہیں شکست دے گا تو اُن سب کو اُس کے لئے مخصوص کر کے ہلاک کر دینا ہے۔ نہ اُن کے ساتھ عہد باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔

3. اُن میں سے کسی سے شادی نہ کرنا۔ نہ اپنی بیٹیوں کا رشتہ اُن کے بیٹوں کو دینا، نہ اپنے بیٹوں کا رشتہ اُن کی بیٹیوں سے کرنا۔

4. ورنہ وہ تمہارے بچوں کو میری پیروی سے دُور کریں گے اور وہ میری نہیں بلکہ اُن کے دیوتاؤں کی خدمت کریں گے۔ تب رب کا غضب تم پر نازل ہو کر جلدی سے تمہیں ہلاک کر دے گا۔

5. اِس لئے اُن کی قربان گاہیں ڈھا دینا۔ جن پتھروں کی وہ پوجا کرتے ہیں اُنہیں چِکنا چُور کر دینا، اُن کے یسیرت دیوی کے کھمبے کاٹ ڈالنا اور اُن کے بُت جلا دینا۔

6. کیونکہ تُو رب اپنے خدا کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ اُس نے دنیا کی تمام قوموں میں سے تجھے چن کر اپنی قوم اور خاص ملکیت بنایا۔

7. رب نے کیوں تمہارے ساتھ تعلق قائم کیا اور تمہیں چن لیا؟ کیا اِس وجہ سے کہ تم تعداد میں دیگر قوموں کی نسبت زیادہ تھے؟ ہرگز نہیں! تم تو بہت کم تھے۔

8. بلکہ وجہ یہ تھی کہ رب نے تمہیں پیار کیا اور وہ وعدہ پورا کیا جو اُس نے قَسم کھا کر تمہارے باپ دادا کے ساتھ کیا تھا۔ اِسی لئے وہ فدیہ دے کر تمہیں بڑی قدرت سے مصر کی غلامی اور اُس ملک کے بادشاہ کے ہاتھ سے بچا لایا۔

9. چنانچہ جان لے کہ صرف رب تیرا خدا ہی خدا ہے۔ وہ وفادار خدا ہے۔ جو اُس سے محبت رکھتے اور اُس کے احکام پر عمل کرتے ہیں اُن کے ساتھ وہ اپنا عہد قائم رکھے گا اور اُن پر ہزار پُشتوں تک مہربانی کرے گا۔

10. لیکن اُس سے نفرت کرنے والوں کو وہ اُن کے رُوبرُو مناسب سزا دے کر برباد کرے گا۔ ہاں، جو اُس سے نفرت کرتے ہیں، اُن کے رُوبرُو وہ مناسب سزا دے گا اور جھجکے گا نہیں۔

11. چنانچہ دھیان سے اُن تمام احکام پر عمل کر جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں تاکہ تُو اُن کے مطابق زندگی گزارے۔

12. اگر تُو اُن پر توجہ دے اور احتیاط سے اُن پر چلے تو پھر رب تیرا خدا تیرے ساتھ اپنا عہد قائم رکھے گا اور تجھ پر مہربانی کرے گا، بالکل اُس وعدے کے مطابق جو اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔

13. وہ تجھے پیار کرے گا اور تجھے اُس ملک میں برکت دے گا جو تجھے دینے کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔ تجھے بہت اولاد بخشنے کے علاوہ وہ تیرے کھیتوں کو برکت دے گا، اور تجھے کثرت کا اناج، انگور اور زیتون حاصل ہو گا۔ وہ تیرے ریوڑوں کو بھی برکت دے گا، اور تیرے گائےبَیلوں اور بھیڑبکریوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔

14. تجھے دیگر تمام قوموں کی نسبت کہیں زیادہ برکت ملے گی۔ نہ تجھ میں اور نہ تیرے مویشیوں میں بانجھ پن پایا جائے گا۔

استثنا 7