استثنا 6:12-25 اردو جیو ورژن (UGV)

12. تو خبردار! رب کو نہ بھولنا جو تجھے مصر کی غلامی سے نکال لایا۔

13. رب اپنے خدا کا خوف ماننا۔ صرف اُسی کی عبادت کرنا اور اُسی کا نام لے کر قَسم کھانا۔

14. دیگر معبودوں کی پیروی نہ کرنا۔ اِس میں تمام پڑوسی اقوام کے دیوتا بھی شامل ہیں۔

15. ورنہ رب تیرے خدا کا غضب تجھ پر نازل ہو کر تجھے ملک میں سے مٹا ڈالے گا۔ کیونکہ وہ غیور خدا ہے اور تیرے درمیان ہی رہتا ہے۔

16. رب اپنے خدا کو اُس طرح نہ آزمانا جس طرح تم نے مسّہ میں کیا تھا۔

17. دھیان سے رب اپنے خدا کے احکام کے مطابق چلو، اُن تمام ہدایات اور قوانین پر جو اُس نے تجھے دیئے ہیں۔

18. جو کچھ رب کی نظر میں درست اور اچھا ہے وہ کر۔ پھر تُو کامیاب رہے گا، تُو جا کر اُس اچھے ملک پر قبضہ کرے گا جس کا وعدہ رب نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھا کر کیا تھا۔

19. تب رب کی بات پوری ہو جائے گی کہ تُو اپنے دشمنوں کو اپنے آگے آگے نکال دے گا۔

20. آنے والے دنوں میں تیرے بچے پوچھیں گے، ”رب ہمارے خدا نے آپ کو اِن تمام احکام پر عمل کرنے کو کیوں کہا؟“

21. پھر اُنہیں جواب دینا، ”ہم مصر کے بادشاہ فرعون کے غلام تھے، لیکن رب ہمیں بڑی قدرت کا اظہار کر کے مصر سے نکال لایا۔

22. ہمارے دیکھتے دیکھتے اُس نے بڑے بڑے نشان اور معجزے کئے اور مصر، فرعون اور اُس کے پورے گھرانے پر ہول ناک مصیبتیں بھیجیں۔

23. اُس وقت وہ ہمیں وہاں سے نکال لایا تاکہ ہمیں لے کر وہ ملک دے جس کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر ہمارے باپ دادا کے ساتھ کیا تھا۔

24. رب ہمارے خدا ہی نے ہمیں کہا کہ اِن تمام احکام کے مطابق چلو اور رب اپنے خدا کا خوف مانو۔ کیونکہ اگر ہم ایسا کریں تو پھر ہم ہمیشہ کامیاب اور زندہ رہیں گے۔ اور آج تک ایسا ہی رہا ہے۔

25. اگر ہم رب اپنے خدا کے حضور رہ کر احتیاط سے اُن تمام باتوں پر عمل کریں گے جو اُس نے ہمیں کرنے کو کہی ہیں تو وہ ہمیں راست باز قرار دے گا۔“

استثنا 6