5. اسرائیل کے راہنما اپنے قبیلوں سمیت جمع ہوئے تو رب یسورون کا بادشاہ بن گیا۔
6. روبن کی برکت:روبن مر نہ جائے بلکہ جیتا رہے۔ وہ تعداد میں بڑھ جائے۔
7. یہوداہ کی برکت:اے رب، یہوداہ کی پکار سن کر اُسے دوبارہ اُس کی قوم میں شامل کر۔ اُس کے ہاتھ اُس کے لئے لڑیں۔ مخالفوں کا سامنا کرتے وقت اُس کی مدد کر۔
8. لاوی کی برکت:تیری مرضی معلوم کرنے کے قرعے بنام اُوریم اور تُمیم تیرے وفادار خادم لاوی کے پاس ہوتے ہیں۔ تُو نے اُسے مسّہ میں آزمایا اور مریبہ میں اُس سے لڑا۔
9. اُس نے تیرا کلام سنبھال کر تیرا عہد قائم رکھا، یہاں تک کہ اُس نے نہ اپنے ماں باپ کا، نہ اپنے سگے بھائیوں یا بچوں کا لحاظ کیا۔
10. وہ یعقوب کو تیری ہدایات اور اسرائیل کو تیری شریعت سکھا کر تیرے سامنے بخور اور تیری قربان گاہ پر بھسم ہونے والی قربانیاں چڑھاتا ہے۔
11. اے رب، اُس کی طاقت کو بڑھا کر اُس کے ہاتھوں کا کام پسند کر۔ اُس کے مخالفوں کی کمر توڑ اور اُس سے نفرت رکھنے والوں کو ایسا مار کہ آئندہ کبھی نہ اُٹھیں۔
12. بن یمین کی برکت:بن یمین رب کو پیارا ہے۔ وہ سلامتی سے اُس کے پاس رہتا ہے، کیونکہ رب دن رات اُسے پناہ دیتا ہے۔ بن یمین اُس کی پہاڑی ڈھلانوں کے درمیان محفوظ رہتا ہے۔
13. یوسف کی برکت:رب اُس کی زمین کو برکت دے۔ آسمان سے قیمتی اوس ٹپکے اور زمین کے نیچے سے چشمے پھوٹ نکلیں۔
14. یوسف کو سورج کی بہترین پیداوار اور ہر مہینے کا لذیذترین پھل حاصل ہو۔
15. اُسے قدیم پہاڑوں اور ابدی وادیوں کی بہترین چیزوں سے نوازا جائے۔
16. زمین کے تمام ذخیرے اُس کے لئے کھل جائیں۔ وہ اُس کو پسند ہو جو جلتی ہوئی جھاڑی میں سکونت کرتا تھا۔ یہ تمام برکتیں یوسف کے سر پر ٹھہریں، اُس کے سر پر جو اپنے بھائیوں میں شہزادہ ہے۔
17. یوسف سانڈ کے پہلوٹھے جیسا عظیم ہے، اور اُس کے سینگ جنگلی بَیل کے سینگ ہیں جن سے وہ دنیا کی انتہا تک سب قوموں کو مارے گا۔ افرائیم کے بےشمار افراد ایسے ہی ہیں، منسّی کے ہزاروں افراد ایسے ہی ہیں۔
18. زبولون اور اِشکار کی برکت:اے زبولون، گھر سے نکلتے وقت خوشی منا۔ اے اِشکار، اپنے خیموں میں رہتے ہوئے خوش ہو۔
19. وہ دیگر قوموں کو اپنے پہاڑ پر آنے کی دعوت دیں گے اور وہاں راستی کی قربانیاں پیش کریں گے۔ وہ سمندر کی کثرت اور سمندر کی ریت میں چھپے ہوئے خزانوں کو جذب کر لیں گے۔