12. کیونکہ تُو نے تو چُھپ کر یہ کِیا پر مَیں سارے اِسرا ئیل کے رُوبرُو دِن دہاڑے یہ کرُوں گا۔
13. تب داؤُد نے ناتن سے کہا مَیں نے خُداوند کا گُناہ کِیا ۔ناتن نے داؤُد سے کہا کہ خُداوند نے بھی تیرا گُناہ بخشا ۔ تُو مَرے گا نہیں۔
14. تَو بھی چُونکہ تُو نے اِس کام سے خُداوند کے دُشمنوں کو کُفر بکنے کا بڑا مَوقع دِیا ہے اِس لِئے وہ لڑکا بھی جو تُجھ سے پَیدا ہو گا مَر جائے گا۔
15. پِھر ناتن اپنے گھر چلا گیااور خُداوند نے اُس لڑکے کوجو اورِیّا ہ کی بِیوی کے داؤُد سے پَیدا ہُؤا تھا مارا اور وہ بُہت بِیمار ہو گیا۔
16. اِس لِئے داؤُد نے اُس لڑکے کی خاطِر خُدا سے مِنّت کی اور داؤُد نے روزہ رکھّا اور اندر جا کر ساری رات زمِین پر پڑا رہا۔
17. اور اُس کے گھرانے کے بزُرگ اُٹھ کر اُس کے پاس آئے کہ اُسے زمِین پر سے اُٹھائیں پر وہ نہ اُٹھا اور نہ اُس نے اُن کے ساتھ کھانا کھایا۔