۱-سموئیل 12:1-12 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. تب سموئیل نے سب اِسرائیلِیوں سے کہا دیکھو جو کُچھ تُم نے مُجھ سے کہا مَیں نے تُمہاری ایک ایک بات مانی اور ایک بادشاہ تُمہارے اُوپر ٹھہرایا ہے۔

2. اور اب دیکھو یہ بادشاہ تُمہارے آگے آگے چلتا ہے ۔ مَیں تو بُڈّھا ہُوں اور میرا سر سفید ہو گیا اور دیکھو میرے بیٹے تُمہارے ساتھ ہیں ۔ مَیں لڑکپن سے آج تک تُمہارے سامنے ہی چلتا رہا ہُوں۔

3. مَیں حاضِر ہُوں ۔ سو تُم خُداوند اور اُس کے ممسُوح کے آگے میرے مُنہ پر بتاؤ کہ مَیں نے کِس کا بَیل لے لِیا یا کِس کا گدھا لِیا؟ مَیں نے کِس کا حق مارا یا کِس پر ظُلم کِیا یا کِس کے ہاتھ سے مَیں نے رِشوت لی تاکہ اندھا بن جاؤُں؟ بتاؤ اور یہ مَیں تُم کو واپس کر دُوں گا۔

4. اُنہوں نے جواب دِیا تُو نے ہمارا حق نہیں مارا اور نہ ہم پر ظُلم کِیا اور نہ تُو نے کِسی کے ہاتھ سے کُچھ لِیا۔

5. تب اُس نے اُن سے کہا کہ خُداوند تُمہارا گواہ اور اُس کا ممسُوح آج کے دِن گواہ ہے کہ میرے پاس تُمہارا کُچھ نہیں نِکلا ۔اُنہوں نے کہا وہ گواہ ہے۔

6. پِھر سموئیل لوگوں سے کہنے لگا وہ خُداوند ہی ہے جِس نے مُوسیٰ اور ہارُون کو مُقرّر کِیا اور تُمہارے باپ دادا کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا۔

7. سو اب ٹھہرے رہو تاکہ مَیں خُداوند کے حضُور اُن سب نیکِیوں کے بارے میں جو خُداوند نے تُم سے اور تُمہارے باپ دادا سے کِیں گُفتگُو کرُوں۔

8. جب یعقُوب مِصر میں گیا اور تُمہارے باپ دادا نے خُداوند سے فریاد کی تو خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون کو بھیجا جِنہوں نے تُمہارے باپ دادا کو مِصر سے نِکال کر اِس جگہ بسایا۔

9. پر وہ خُداوند اپنے خُدا کو بُھول گئے ۔ سو اُس نے اُن کو حصُور کی فَوج کے سِپہ سالار سِیسرا کے ہاتھ اور فِلستِیوں کے ہاتھ اور شاہِ موآب کے ہاتھ بیچ ڈالا اور وہ اُن سے لڑے۔

10. پھر اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی اور کہا کہ ہم نے گُناہ کِیا ۔ اِس لِئے کہ ہم نے خُداوند کو چھوڑا اوربعلِیم اور عستار ات کی پرستِش کی پر اب تُو ہم کو ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑا تو ہم تیری پرستِش کریں گے۔

11. سو خُداوند نے یرُبّعل اور بِدان اور اِفتا ح اور سموئیل کو بھیجا اور تُم کو تُمہارے دُشمنوں کے ہاتھ سے جو تُمہاری چاروں طرف تھے رہائی دی اور تُم چَین سے رہنے لگے۔

12. اور جب تُم نے دیکھا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ ناحس تُم پر چڑھ آیا تو تُم نے مُجھ سے کہا کہ ہم پر کوئی بادشاہ سلطنت کرے حالانکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارا بادشاہ تھا۔

۱-سموئیل 12