۱-سلاطِین 9:2-13 Urdu Bible Revised Version (URD)

2. تو خُداوند سُلیما ن کو دُوسری بار دِکھائی دِیا جَیسے وہ جِبعُو ن میں دِکھائی دِیا تھا۔

3. اور خُداوند نے اُس سے کہا مَیں نے تیری دُعا اور مُناجات جو تُو نے میرے حضُور کی ہے سُن لی اور اِس گھر میں جِسے تُو نے بنایا ہے اپنا نام ہمیشہ تک رکھنے کے لِئے مَیں نے اُسے مُقدّّس کِیا اور میری آنکھیں اور میرا دِل سدا وہاں لگے رہیں گے۔

4. اب رہا تُو ۔ سو اگر تُو جَیسے تیرا باپ داؤُد چلا وَیسے ہی میرے حضُور خلُوصِ دِل اور راستی سے چل کر اُس سب کے مُطابِق جو مَیں نے تُجھے فرمایا عمل کرے اور میرے آئِین اور احکام کو مانے۔

5. تو مَیں تیری سلطنت کا تخت اِسرا ئیل کے اُوپر ہمیشہ قائِم رکُھّوں گا جَیسا مَیں نے تیرے باپ داؤُد سے وعدہ کِیا اور کہا کہ تیری نسل میں اِسرا ئیل کے تخت پر بَیٹھنے کے لِئے آدمی کی کمی نہ ہو گی۔

6. لیکن تُم ہو یا تُمہاری اَولاد ۔ اگر تُم میری پَیروی سے برگشتہ ہو جاؤ اور میرے احکام اور آئِین کو جو مَیں نے تُمہارے آگے رکھّے ہیں نہ مانو بلکہ جا کر اَور معبُودوں کی عِبادت کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگو۔

7. تو مَیں اِسرا ئیل کو اُس مُلک سے جو مَیں نے اُن کو دِیا ہے کاٹ ڈالُوں گا اور اُس گھر کو جِسے مَیں نے اپنے نام کے لِئے مُقدّس کِیا ہے اپنی نظر سے دُور کر دُوں گا اور اِسرا ئیل سب قَوموں میں ضربُ المثل اور انگُشت نُما ہو گا۔

8. اور اگرچہ یہ گھر اَیسا مُمتاز ہے تَو بھی ہر ایک جو اِس کے پاس سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور سُسکارے گا اور وہ کہیں گے کہ خُداوند نے اِس مُلک اور اِس گھر سے اَیسا کیوں کِیا؟۔

9. تب وہ جواب دیں گے اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند اپنے خُدا کو جو اُن کے باپ دادا کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کو تھام کر اُن کو سِجدہ کرنے اور اُن کی پرستِش کرنے لگے ۔ اِسی لِئے خُداوند نے اُن پر یہ ساری مُصِیبت نازِل کی۔

10. اور بِیس برس کے بعد جِن میں سُلیما ن نے وہ دونوں گھر یعنی خُداوند کا گھر اور شاہی محلّ بنائے اَیسا ہُؤا کہ۔

11. چُونکہ صُور کے بادشاہ حِیرا م نے سُلیما ن کے لِئے دیودار کی اور صنَوبر کی لکڑی اور سونا اُس کی مرضی کے مُطابِق مُہیّا کِیا تھا اِس لِئے سُلیما ن بادشاہ نے گلِیل کے مُلک میں بِیس شہر حِیرا م کو دِئے۔

12. اور حِیرا م اُن شہروں کو جو سُلیما ن نے اُسے دِئے تھے دیکھنے کے لِئے صُور سے نِکلا پر وہ اُسے پسند نہ آئے۔

13. سو اُس نے کہا اَے میرے بھائی یہ کیا شہر ہیں جو تُو نے مُجھے دِئے؟ اور اُس نے اُن کا نام کبُو ل کا مُلک رکھّا جو آج تک چلا آتا ہے۔

۱-سلاطِین 9