یشُوع 24:22-33 Urdu Bible Revised Version (URD)

22. یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم آپ ہی اپنے گواہ ہو کہ تُم نے خُداوند کو چُنا ہے کہ اُس کی پرستِش کرو۔اُنہوں نے کہا ہم گواہ ہیں۔

23. تب اُس نے کہا پس اب تُم اجنبی معبُودوں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کر دو اور اپنے دِلوں کو خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی طرف مائِل کرو۔

24. لوگوں نے یشُوع سے کہا ہم خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کریں گے اور اُسی کی بات مانیں گے۔

25. سو یشُوع نے اُسی روز لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اور اُن کے لِئے سِکم میں آئِین اور قانُون ٹھہرایا۔

26. اور یشُوع نے یہ باتیں خُدا کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھ دِیں اور ایک بڑا پتّھر لے کر اُسے وہِیں اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو خُداوند کے مَقدِس کے پاس تھا نصب کِیا۔

27. اور یشُوع نے سب لوگوں سے کہا کہ دیکھو یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے کیونکہ اُس نے خُداوند کی سب باتیں جو اُس نے ہم سے کہِیں سُنی ہیں اِس لِئے یِہی تُم پر گواہ رہے تا نہ ہوکہ تُم اپنے خُدا کا اِنکار کر جاؤ۔

28. پِھر یشُوع نے لوگوں کو اُن کی اپنی اپنی مِیراث کی طرف رُخصت کر دِیا۔

29. اور اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔

30. اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت سر ح میں جو افرائِیم کے کوہستانی مُلک میں کوہِ جعس کے شِمال کی طرف کو ہے اُسے دفن کِیا۔

31. اور اِسرائیلی خُداوند کی پرستِش یشُو ع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُو ع کے بعد زِندہ رہے اور خُداوند کے سب کاموں سے جو اُس نے اِسرائیلِیوں کے لِئے کِئے واقِف تھے۔

32. اور اُنہوں نے یُوسف کی ہڈِّیوں کو جِن کو بنی اِسرائیل مِصر سے لے آئے تھے سِکم میں اُس زمِین کے قطع میں دفن کِیا جِسے یعقُوب نے سِکم کے باپ حمور کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں میں خرِیدا تھا اور وہ زمِین بنی یُوسف کی مِیراث ٹھہری۔

33. اور ہارُو ن کے بیٹے الِیعزر نے رِحلت کی اور اُنہوں نے اُسے اُس کے بیٹے فِینحاس کی پہاڑی پر دفن کِیا جو افرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُسے دی گئی تھی۔

یشُوع 24