1. اَے اِسرائیل دُوسری قَوموں کی طرح خُوشی و شادمانی نہ کر کیونکہ تُو نے اپنے خُدا سے بیوفائی کی ہے۔ تُو نے ہر ایک کھلِیہان میں اُجرت تلاش کی ہے۔
2. کھلِیہان اور مَے کے حَوض اُن کی پرورِش کے لِئے کافی نہ ہوں گے اور نئی مَے کفایت نہ کرے گی۔
3. وہ خُداوند کے مُلک میں نہ بسیں گے بلکہ اِفرائِیم مِصر کو واپس جائے گا اور وہ اسُور میں ناپاک چِیزیں کھائیں گے۔
4. وہ مَے کو خُداوند کے لِئے نہ تپائیں گے اور وہ اُس کے مقبُول نہ ہوں گے اُن کی قُربانِیاں اُن کے لِئے نَوحہ گروں کی روٹی کی مانِند ہوں گی ۔ اُن کو کھانے والے ناپاک ہوں گے کیونکہ اُن کی روٹِیاں اُن ہی کی بُھوک کے لِئے ہوں گی اور خُداوند کے گھر میں داخِل نہ ہوں گی۔