5. اِس لِئے تُو دِن کو گِر پڑے گا اور تیرے ساتھ نبی بھی رات کو گِرے گا اور مَیں تیری ماں کو تباہ کرُوں گا۔
6. میرے لوگ عدمِ معرفت سے ہلاک ہُوئے ۔ چُونکہ تُو نے معرفت کو رّد کِیا اِس لِئے مَیں بھی تُجھ کو رّد کرُوں گاتاکہ تُو میرے حضُور کاہِن نہ ہو اور چُونکہ تُو اپنے خُدا کی شرِیعت کو بُھول گیا ہے اِس لِئے مَیں بھی تیری اَولاد کو بُھول جاؤُں گا۔
7. جُوں جُوں وہ فراوان ہُوئے میرے خِلاف زِیادہ گُناہ کرنے لگے ۔ پس مَیں اُن کی حشمت کو رُسوائی سے بدل ڈالُوں گا۔
8. وہ میرے لوگوں کے گُناہ پر گُذران کرتے ہیں اور اُن کی بدکرداری کے آرزُومند ہیں۔
9. پس جَیسا لوگوں کا حال وَیسا ہی کاہِنوں کا حال ہوگا ۔ مَیں اُن کی روِش کی سزا اور اُن کے اعمال کا بدلہ اُن کو دُوں گا۔
10. چُونکہ اُن کو خُداوند کا خیال نہیں اِس لِئے وہ کھائیں گے پر آسُودہ نہ ہوں گے ۔ وہ بدکاری کریں گے لیکن زِیادہ نہ ہوں گے۔
11. بدکاری اور مَے اور نئی مَے سے بصِیرت جاتی رہتی ہے۔