ہوسیعَِ 2:6-18 Urdu Bible Revised Version (URD)

6. اِس لِئے دیکھو مَیں اُس کی راہ کانٹوں سے بند کرُوں گااور اُس کے سامنے دِیوار بنا دُوں گا تاکہ اُسے راستہ نہ مِلے۔

7. اور وہ اپنے یاروں کے پِیچھے جائے گی پر اُن سے جا نہ مِلے گی اور اُن کو ڈُھونڈے گی پر نہ پائے گی۔ تب وہ کہے گی مَیں اپنے پہلے شَوہر کے پاس واپس جاؤُں گی کیونکہ میری وہ حالت اب سے بِہتر تھی۔

8. کیونکہ اُس نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُسے غلّہ ومَے اور رَوغن دِیا اور سونے چاندی کی فراوانی بخشی جِس کواُنہوں نے بعل پر خرچ کِیا۔

9. اِس لِئے مَیں اپنا غلّہ فصل کے وقت اور اپنی مَے کواُس کے موسِم میں واپس لے لُوں گا اور اپنے اُونی اور کتانی کپڑے جو اُس کی سترپوشی کرتے چِھین لُوں گا۔

10. اب مَیں اُس کی فاحِشہ گری اُس کے یاروں کے سامنے فاش کرُوں گا اور کوئی اُس کو میرے ہاتھ سے نہیں چُھڑائے گا۔

11. علاوہ اِس کے مَیں اُس کی تمام خُوشیوں اور جشنوں اورنئے چاند اور سبت کے ایّام اور تمام مُعیّن عِیدوں کو مَوقُوف کرُوں گا۔

12. اور مَیں اُس کے انگُور اور انجِیر کے درختوں کو جِن کی بابت اُس نے کہا ہے یہ میری اُجرت ہے جو میرے یاروں نے مُجھے دی ہے برباد کرُوں گا اور اُن کو جنگل بناؤُں گااور جنگلی جانور اُن کو کھائیں گے۔

13. اور خُداوند فرماتا ہے مَیں اُسے بعلِیم کے ایّام کے لِئے سزا دُوں گا جِن میں اُس نے اُن کے لِئے بخُور جلایاجب وہ بالِیوں اور زیوروں سے آراستہ ہو کر اپنے یاروں کے پِیچھے گئی اور مُجھے بُھول گئی۔

14. تَو بھی مَیں اُسے فریفتہ کر لُوں گا اور بیابان میں لا کر اُس سے تسلّی کی باتیں کہُوں گا۔

15. اور وہاں سے اُس کے تاکِستان اُسے دُوں گا اور عکُور کی وادی بھی تاکہ وہ اُمّید کا دروازہ ہو اور وہ وہاں گایا کرے گی جَیسے اپنی جوانی کے ایّام میں اور مُلکِ مِصر سے نِکل آنے کے دِنوں میں گایا کرتی تھی۔

16. اور خُداوند فرماتا ہے تب وہ مُجھے اِیشی کہے گی اور پِھر بعلی نہ کہے گی۔

17. کیونکہ مَیں بعلِیم کے نام اُس کے مُنہ سے دُور کرُوں گااور پِھر کبھی اُن کا نام نہ لِیا جائے گا۔

18. تب مَیں اُن کے لِئے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں اور زمِین پر رینگنے والوں سے عہد کرُوں گا اور کمان اورتلوار اور لڑائی کو مُلک سے نیست کرُوں گا اور لوگوں کوامن و امان سے لیٹنے کا مَوقع دُوں گا۔

ہوسیعَِ 2