گِنتی 8:15-26 Urdu Bible Revised Version (URD)

15. اِس کے بعد لاوی خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے لِئے اندر آیا کریں ۔ سو تُو اُن کو پاک کر اور ہِلانے کی قُربانی کے لِئے اُن کو گُذران۔

16. اِس لِئے کہ وہ سب کے سب بنی اِسرائیل میں سے مُجھے بِالکُل دے دِئے گئے ہیں کیونکہ مَیں نے اِن ہی کو اُن سبھوں کے بدلے جو اِسرائیلِیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں اپنے واسطے لے لِیا ہے۔

17. اِس لِئے کہ بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھے کیا اِنسان کیا حَیوان میرے ہیں ۔ مَیں نے جِس دِن مُلکِ مِصر کے پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن اُن کو اپنے لِئے مُقدّس کِیا۔

18. اور بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے مَیں نے لاوِیوں کو لے لِیا ہے۔

19. اور مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو لے کر اُن کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو عطا کِیا ہے تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع میں بنی اِسرائیل کی جگہ خِدمت کریں اور بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا کریں تاکہ جب بنی اِسرائیل مَقدِس کے نزدِیک آئیں تو اُن میں کوئی وبا نہ پَھیلے۔

20. چُنانچہ مُوسیٰ اور ہارُون اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے لاوِیوں سے اَیسا ہی کِیا ۔ جو کُچھ خُداوند نے لاوِیوں کے بارے میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے اُن کے ساتھ کِیا۔

21. اور لاوِیوں نے اپنے آپ کو گُناہ سے پاک کر کے اپنے کپڑے دھوئے اور ہارُون نے اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذرانا اور ہارُون نے اُن کی طرف سے کفّارہ دِیا تاکہ وہ پاک ہو جائیں۔

22. اِس کے بعد لاوی اپنی خِدمت بجا لانے کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے سامنے خَیمۂِ اِجتماع میں جانے لگے ۔ سو جَیسا خُداوند نے لاوِیوں کی بابت مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے وَیسا ہی اُن کے ساتھ کِیا۔

23. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

24. لاوِیوں کے مُتعلّق جو بات ہے وہ یہ ہے کہ پچّیس برس سے لے کر اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر میں وہ خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے کام کے لِئے اندر حاضِر ہُؤا کریں۔

25. اور جب پچاس برس کے ہوں تو پِھر اُس کام کے لِئے نہ آئیں اور نہ خِدمت کریں۔

26. بلکہ خَیمۂِ اِجتماع میں اپنے بھائیوں کے ساتھ نِگہبانی کے کام میں مشغُول ہوں اور کوئی خِدمت نہ کریں ۔ لاوِیوں کو جو جو کام سَونپے جائیں اُن کے مُتعلّق تُو اُن سے اَیسا ہی کرنا۔

گِنتی 8