گِنتی 21:3-17 Urdu Bible Revised Version (URD)

3. اور خُداوند نے اِسرا ئیل کی فریاد سُنی اور کنعانیوں کو اُن کے حوالہ کر دِیا اور اُنہوں نے اُن کو اور اُن کے شہروں کو نیست کر دِیا چُنانچہ اُس جگہ کا نام بھی حُرمہ پڑ گیا۔

4. پِھر اُنہوں نے کوہِ ہور سے روانہ ہو کر بحرِ قُلزم کا راستہ لِیا تاکہ مُلکِ ادُوم کے باہر باہر گُھوم کر جائیں لیکن اُن لوگوں کی جان اُس راستہ سے عاجِز آگئی۔

5. اور لوگ خُدا کی اور مُوسیٰ کی شِکایت کر کے کہنے لگے کہ تُم کیوں ہم کو مِصر سے بیابان میں مَرنے کے لِئے لے آئے؟ یہاں تو نہ روٹی ہے نہ پانی اور ہمارا جی اِس نِکمّی خُوراک سے کراہِیّت کرتا ہے۔

6. تب خُداوند نے اُن لوگوں میں جلانے والے سانپ بھیجے ۔ اُنہوں نے لوگوں کو کاٹا اور بُہت سے اِسرائیلی مَر گئے۔

7. تب وہ لوگ مُوسیٰ کے پاس آ کر کہنے لگے کہ ہم نے گُناہ کِیا کیونکہ ہم نے خُداوند کی اور تیری شِکایت کی ۔ سو تُو خُداوند سے دُعا کر کہ وہ اِن سانپوں کو ہم سے دُور کرے ۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے لوگوں کے لِئے دُعا کی۔

8. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ ایک جلانے والا سانپ بنا لے اور اُسے ایک بَلّی پر لٹکا دے اور جو سانپ کا ڈسا ہُؤا اُس پر نظر کرے گا وہ جِیتا بچے گا۔

9. چُنانچہ مُوسیٰ نے پِیتل کا ایک سانپ بنوا کر اُسے بَلّی پر لٹکا دِیا اور اَیسا ہُؤا کہ جِس جِس سانپ کے ڈسے ہُوئے آدمی نے اُس پِیتل کے سانپ پر نِگاہ کی وہ جِیتا بچ گیا۔

10. اور بنی اِسرائیل نے وہاں سے کُوچ کِیا اور اوبوت میں آکر ڈیرے ڈالے۔

11. پِھر اوبوت سے کُوچ کِیا اور عِیّے عَبارِیم میں جو مشرِق کی طرف موآب کے سامنے کے بیابان میں واقِع ہے ڈیرے ڈالے۔

12. اور وہاں سے کُوچ کر کے وادیِ زرد میں ڈیرے ڈالے۔

13. جب وہاں سے چلے تو اَرنون سے پار ہو کر جو امورِیوں کی سرحدسے نِکل کر بیابان میں بہتی ہے ڈیرے ڈالے کیونکہ موآب اور امورِیوں کے درمِیان اَرنون موآب کی سرحد ہے۔

14. اِسی سبب سے خُداوند کے جنگ نامہ میں یُوں لِکھا ہے واہیب جو سُوفہ میں ہے۔اور اَرنون کے نالے۔

15. اور اُن نالوں کا ڈھلان جو عار شہر تک جاتاہے اور موآب کی سرحد سے مُتّصِل ہے۔

16. پِھر اِس جگہ سے وہ بیر کو گئے ۔ یہ وُہی کُنواں ہے جِس کے بارے میں خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تھا کہ اِن لوگوں کو ایک جگہ جمع کر اور مَیں اِن کو پانی دُوں گا۔

17. تب اِسرائیل نے یہ گِیت گایا :-اَے کُنوئیں! تُو اُبل آ ۔تُم اِس کُنوئیں کی تعریف گاؤ۔

گِنتی 21