گِنتی 16:5-20 Urdu Bible Revised Version (URD)

5. پِھر اُس نے قورح اور اُس کے کُل فریق سے کہا کہ کل صُبح خُداوند دِکھا دے گا کہ کَون اُس کا ہے اور کَون مُقدّس ہے اور وہ اُسی کو اپنے نزدِیک آنے دے گا کیونکہ جِسے وہ خُود چُنے گا اُسے وہ اپنی قُربت بھی دے گا۔

6. سو اَے قورح اور اُس کے فریق کے لوگو! تُم یُوں کرو کہ اپنا اپنا بخُوردان لو۔

7. اور اُن میں آگ بھرو اور خُداوند کے حضُور کل اُن میں بخُور جلاؤ ۔ تب جِس شخص کو خُداوند چُن لے وُہی مُقدّس ٹھہرے گا ۔ اَے لاو ی کے بیٹو! بڑے بڑے دعوے تو تُمہارے ہیں۔

8. پِھر مُوسیٰ نے قورح کی طرف مُخاطِب ہو کر کہا اَے بنی لاوی سُنو۔

9. کیا یہ تُم کو چھوٹی بات دِکھائی دیتی ہے کہ اِسرا ئیل کے خُدا نے تُم کو بنی اِسرائیل کی جماعت میں سے چُن کر الگ کِیا تاکہ تُم کو وہ اپنی قُربت بخشے اور تُم خُداوند کے مسکن کی خِدمت کرو اور جماعت کے آگے کھڑے ہو کر اُس کی بھی خِدمت بجا لاؤ۔

10. اور تُجھے اور تیرے سب بھائیوں کو جو بنی لاوی ہیں اپنے نزدِیک آنے دِیا؟ سو کیا اب تُم کہانت کو بھی چاہتے ہو؟۔

11. اِسی لِئے تُو اور تیرے فریق کے لوگ یہ سب کے سب خُداوند کے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے ہیں اور ہارُون کَون ہے جو تُم اُس کی شِکایت کرتے ہو؟۔

12. پِھر مُوسیٰ نے داتن اور ابیرام کو جو الِیاب کے بیٹے تھے بُلوا بھیجا ۔ اُنہوں نے کہا ہم نہیں آتے۔

13. کیا یہ چھوٹی بات ہے کہ تُو ہم کو ایک اَیسے مُلک سے جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے نِکال لایا ہے کہ ہم کو بیابان میں ہلاک کرے اور اُس پر بھی یہ طُرّہ ہے کہ اب تُو سردار بن کر ہم پر حُکومت جتاتا ہے؟۔

14. ماسِوا اِس کے تُو نے ہم کو اُس مُلک میں بھی نہیں پُہنچایا جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور نہ ہم کو کھیتوں اور تاکِستانوں کا وارِث بنایا ۔ کیا تُو اِن لوگوں کی آنکھیں نِکال ڈالے گا؟ ہم تو نہیں آنے کے۔

15. تب مُوسیٰ نِہایت طَیش میں آکر خُداوند سے کہنے لگا تُو اُن کے ہدیہ کی طرف توجُّہ مت کر ۔ مَیں نے اُن سے ایک گدھا بھی نہیں لِیا نہ اُن میں سے کِسی کو کوئی نُقصان پُہنچایا ہے۔

16. پِھر مُوسیٰ نے قورح سے کہا کل تُو اپنے سارے فریق کے لوگوں کو لے کر خُداوند کے آگے حاضِر ہو ۔ تُو بھی ہو اور وہ بھی ہوں اور ہارُون بھی ہو۔

17. اور تُم میں سے ہر شخص اپنا بخُور دان لے کر اُس میں بخُور ڈالے اور تُم اپنے اپنے بخُور دان کو جو شُمار میں ڈھائی سَو ہوں گے خُداوند کے حضُور لاؤ اور تُو بھی اپنا بخُور دان لانا اور ہارُون بھی لائے۔

18. سو اُنہوں نے اپنا اپنا بخُور دان لے کر اور اُن میں آگ رکھ کر اُس پر بخُور ڈالا اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر مُوسیٰ اور ہارُون کے ساتھ آکر کھڑے ہُوئے۔

19. اور قورَح نے ساری جماعت کو اُن کے خِلاف خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر لِیا تھا ۔ تب خُداوند کا جلال ساری جماعت کے سامنے نُمایاں ہُؤا۔

20. اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔

گِنتی 16