گِنتی 16:26-36 Urdu Bible Revised Version (URD)

26. اور اُس نے جماعت سے کہا اِن شرِیر آدمِیوں کے خَیموں سے نِکل جاؤ اور اُن کی کِسی چِیز کو ہاتھ نہ لگاؤ تا نہ ہو کہ تُم بھی اُن کے سب گُناہوں کے سبب سے نیست ہو جاؤ۔

27. سو وہ لوگ قورح اور داتن اور ابیرا م کے خَیموں کے آس پاس سے دُور ہٹ گئےاور داتن اور ابیرا م اپنی بِیویوں اور بیٹوں اور بال بچّوں سمیت نِکل کر اپنے خَیموں کے دروازوں پر کھڑے ہُوئے۔

28. تب مُوسیٰ نے کہا اِس سے تُم جان لو گے کہ خُداوند نے مُجھے بھیجا ہے کہ یہ سب کام کرُوں کیونکہ مَیں نے اپنی مرضی سے کُچھ نہیں کِیا۔

29. اگر یہ آدمی وَیسی ہی مَوت سے مَریں جو سب لوگوں کو آتی ہے یا اِن پر وَیسے ہی حادِثے گُذریں جو سب پر گُذرتے ہیں تو مَیں خُداوند کا بھیجا ہُؤا نہیں ہُوں۔

30. پر اگر خُداوند کوئی نیا کرِشمہ دِکھائے اور زمِین اپنا مُنہ کھول دے اور اِن کو اِن کے گھر بار سمیت نِگل جائے اور یہ جِیتے جی پاتال میں سما جائیں تُو تُم جاننا کہ اِن لوگوں نے خُداوند کی تحقِیر کی ہے۔

31. اُس نے یہ باتیں ختم ہی کی تِھیں کہ زمِین اُن کے پاؤں تلے پَھٹ گئی۔

32. اور زمِین نے اپنا مُنہ کھول دِیا اور اُن کو اور اُن کے گھر بار کو اور قورح کے ہاں کے سب آدمِیوں کو اور اُن کے سارے مال و اسباب کو نِگل گئی۔

33. سو وہ اور اُن کا سارا گھر بار جِیتے جی پاتال میں سما گئے اور زمِین اُن کے اُوپر برابر ہو گئی اور وہ جماعت میں سے نابُود ہو گئے۔

34. اور سب اِسرائیلی جو اُن کے آس پاس تھے اُن کا چِلاّنا سُن کر یہ کہتے ہُوئے بھاگے کہ کہِیں زمِین ہم کو بھی نِگل نہ لے۔

35. اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور اُن ڈھائی سَو آدمِیوں کوجِنہوں نے بخُور گُذرانا تھا بھسم کر ڈالا۔

36. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

گِنتی 16