گِنتی 15:23-41 Urdu Bible Revised Version (URD)

23. یعنی جِس دِن سے خُداوند نے حُکم دینا شرُوع کِیا اُس دِن سے لے کر آگے آگے جو کُچھ حُکم خُداوند نے تُمہاری نسل در نسل مُوسیٰ کی معرفت تُم کو دِیا ہے۔

24. اُس میں اگر سہواً کوئی خطا ہو گئی ہو اور جماعت اُس سے واقِف نہ ہو تو ساری جماعت ایک بچھڑا سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو ہو اور اُس کے ساتھ شرع کے مُطابِق اُس کی نذر کی قُربانی اور اُس کا تپاون بھی چڑھائے اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا گُذرانے۔

25. یُوں کاہِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے تو اُن کو مُعافی مِلے گی کیونکہ یہ محض بُھول تھی اور اُنہوں نے اُس بُھول کے بدلے وہ قُربانی بھی چڑھائی جو خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی ٹھہرتی ہے اور خطا کی قُربانی بھی خُداوند کے حضُور گُذرانی۔

26. تب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو اور اُن پردیسِیوں کو بھی جو اُن میں رہتے ہیں مُعافی مِلے گی کیونکہ جماعت کے اِعتبار سے یہ سہواً ہُؤا۔

27. اور اگر ایک ہی شخص سہواً خطا کرے تو وہ یکسالہ بکری خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔

28. یُوں کاہِن اُس شخص کی طرف سے جِس نے سہواً خطا کی اُس کی خطا کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

29. جِس شخص نے سہواً خطا کی ہو اُس کے لِئے تُم ایک ہی شرع رکھنا خواہ وہ بنی اِسرائیل میں سے دیسی ہو یا پردیسی جو اُن میں رہتا ہو۔

30. لیکن جو شخص بے باک ہو کر گُناہ کرے خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی وہ خُداوند کی اہانت کرتا ہے ۔ وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

31. کیونکہ اُس نے خُداوند کے کلام کی حِقارت کی اور اُس کے حُکم کو توڑ ڈالا ۔ وہ شخص بِالکُل کاٹ ڈالا جائے گا ۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

32. اور جب بنی اِسرائیل بیابان میں رہتے تھے اُن دِنوں ایک آدمی اُن کو سبت کے دِن لکڑیاں جمع کرتا ہُؤا مِلا۔

33. اور جِن کو وہ لکڑیاں جمع کرتا ہُؤا مِلا وہ اُسے مُوسیٰ اور ہارُون اور ساری جماعت کے پاس لے گئے۔

34. اُنہوں نے اُسے حوالات میں رکھّا کیونکہ اُن کو یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ اُس کے ساتھ کیا کرنا چاہئے۔

35. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ یہ شخص ضرُور جان سے مارا جائے ۔ ساری جماعت لشکرگاہ کے باہر اُسے سنگسار کرے۔

36. چُنانچہ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُس کے مُطابِق ساری جماعت نے اُسے لشکرگاہ کے باہر لے جا کر سنگسار کِیا اور وہ مَر گیا۔

37. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

38. بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ نسل در نسل اپنے پَیراہنوں کے کناروں پر جھالر لگائیں اور ہر کنارے کی جھالر کے اُوپر آسمانی رنگ کا ڈورا ٹانکیں۔

39. یہ جھالر تُمہارے لِئے اَیسی ہو کہ جب تُم اُسے دیکھو تو خُداوند کے سب حُکموں کو یاد کر کے اُن پر عمل کرو اور اپنے دِل اور آنکھوں کی خواہِشوں کی پَیروی میں زِناکاری نہ کرتے پِھرو جَیسا کرتے آئے ہو۔

40. بلکہ میرے سب حُکموں کو یاد کر کے اُن کو عمل میں لاؤ اور اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس ہو۔

41. مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا تاکہ تُمہارا خُدا ٹھہروں ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

گِنتی 15