پَیدایش 6:3-13 Urdu Bible Revised Version (URD)

3. تب خُداوند نے کہا کہ میری رُوح اِنسان کے ساتھ ہمیشہ مُزاحمت نہ کرتی رہے گی کیونکہ وہ بھی تو بشر ہے تَو بھی اُس کی عُمر ایک سَو بِیس برس کی ہو گی۔

4. اُن دِنوں میں زمِین پر جبّار تھے اور بعد میں جب خُدا کے بیٹے اِنسان کی بیٹِیوں کے پاس گئے تو اُن کے لِئے اُن سے اَولاد ہُوئی ۔ یہی قدِیم زمانہ کے سُورما ہیں جو بڑے نامور ہُوئے ہیں۔

5. اور خُداوند نے دیکھا کہ زمِین پر اِنسان کی بدی بُہت بڑھ گئی اور اُس کے دِل کے تصوُّر اور خیال سدا بُرے ہی ہوتے ہیں۔

6. تب خُداوند زمِین پر اِنسان کو پَیدا کرنے سے ملُول ہُؤا اور دِل میں غم کِیا۔

7. اور خُداوند نے کہا کہ مَیں اِنسان کو جِسے مَیں نے پَیدا کِیا رُویِ زمِین پر سے مِٹا ڈالُوں گا ۔ اِنسان سے لے کر حَیوان اور رینگنے والے جان دار اور ہوا کے پرِندوں تک کیونکہ میں اُن کے بنانے سے ملُول ہُوں۔

8. مگر نُوح خُداوند کی نظر میں مقبُول ہُؤا۔

9. نُوح کا نسب نامہ یہ ہے ۔ نُوح مَردِ راست باز اور اپنے زمانہ کے لوگوں میں بے عَیب تھا اور نُوح خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔

10. اور اُس سے تِین بیٹے سِم حام اور یافت پَیدا ہُوئے۔

11. پر زمِین خُدا کے آگے ناراست ہو گئی تھی اور وہ ظُلم سے بھری تھی۔

12. اور خُدا نے زمِین پر نظر کی اور دیکھا کہ وہ ناراست ہو گئی ہے کیونکہ ہر بشر نے زمِین پر اپنا طرِیقہ بِگاڑ لِیا تھا۔

13. اور خُدا نے نُوح سے کہا کہ تمام بشر کا خاتِمہ میرے سامنے آ پُہنچا ہے کیونکہ اُن کے سبب سے زمِین ظُلم سے بھر گئی ۔ سو دیکھ مَیں زمِین سمیت اُن کو ہلاک کرُوں گا۔

پَیدایش 6