پَیدایش 40:10-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

10. اور اُس بیل میں تِین شاخیں ہیں اور اَیسا دِکھائی دِیا کہ اُس میں کلِیاں لگیں اور پُھول آئے اور اُس کے سب گُچھّوں میں پکّے پکّے انگُور لگے۔

11. اور فِرعون کا پیالہ میرے ہاتھ میں ہے اور مَیں نے اُن انگُوروں کو لے کر فِرعون کے پیالہ میں نچوڑا اور وہ پیالہ مَیں نے فِرعون کے ہاتھ میں دِیا۔

12. یُوسف نے اُس سے کہا اِس کی تعبِیر یہ ہے کہ وہ تِین شاخیں تِین دِن ہیں۔

13. سو اب سے تِین دِن کے اندر فِرعون تُجھے سرفراز فرمائے گا اور تُجھے پِھر تیرے منصب پر بحال کر دے گا اور پہلے کی طرح جب تُو اُس کا ساقی تھا پِیالہ فِرعون کے ہاتھ میں دِیا کرے گا۔

14. لیکن جب تُو خُوش حال ہو جائے تو مُجھے یاد کرنا اور ذرا مُجھ سے مِہربانی سے پیش آنا اور فِرعون سے میرا ذِکر کرنا اور مُجھے اِس گھر سے چُھٹکارا دِلوانا۔

15. کیونکہ عِبر ا نیوں کے مُلک سے مُجھے چُرا کر لے آئے ہیں اور یہاں بھی مَیں نے اَیسا کوئی کام نہیں کِیا جِس کے سبب سے قَیدخانہ میں ڈالا جاؤں۔

16. جب سردار نان پَز نے دیکھا کہ تعبِیر اچھّی نِکلی تو یُوسف سے کہا کہ مَیں نے بھی خواب میں دیکھا کہ میرے سرپر سفید روٹی کی تِین ٹوکرِیاں ہیں۔

17. اور اُوپر کی ٹوکری میں ہر قِسم کا پکا ہُؤا کھانا فِرعون کے لِئے ہے اور پرِندے میرے سرپر کی ٹوکری میں سے کھا رہے ہیں۔

18. یُوسف نے اُس سے کہا اِس کی تعبِیر یہ ہے کہ وہ تِین ٹوکرِیاں تِین دِن ہیں۔

19. سو اب سے تِین دِن کے اندر فِرعون تیرا سر تیرے تن سے جُدا کرا کے تُجھے ایک درخت پر ٹنگوا دے گا اور پرِندے تیرا گوشت نوچ نوچ کر کھائیں گے۔

20. اور تِیسرے دِن جو فِرعون کی سالگرہ کا دِن تھا یُوں ہُؤا کہ اُس نے اپنے سب نوکروں کی ضِیافت کی اور اُس نے سردار ساقی اور سردار نان پَز کو اپنے نوکروں کے ساتھ یاد فرمایا۔

21. اور اُس نے سردار ساقی کو پِھر اُس کی خِدمت پر بحال کِیا اور وہ فِرعون کے ہاتھ میں پِیالہ دینے لگا۔

22. پر اُس نے سردار نان پَز کو پھانسی دِلوائی جَیسا یُوسف نے تعبِیر کر کے اُن کو بتایا تھا۔

23. لیکن سردار ساقی نے یُوسف کو یاد نہ کِیا بلکہ اُسے بُھول گیا۔

پَیدایش 40