پَیدایش 26:1-15 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور اُس مُلک میں اُس پہلے کال کے عِلاوہ جو ابرہام کے ایّام میں پڑا تھا پِھر کال پڑا ۔ تب اِضحا ق جرار کو فِلستِیوں کے بادشاہ اَبی مَلِک کے پاس گیا۔

2. اور خُداوند نے اُس پر ظاہِر ہو کر کہا کہ مِصر کو نہ جا بلکہ جو مُلک میں تُجھے بتاؤں اُس میں رہ۔

3. تُو اِسی مُلک میں قیام رکھ اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا اور تُجھے برکت بخشُوں گا کیونکہ مَیں تُجھے اور تیری نسل کو یہ سب مُلک دُوں گا اور مَیں اُس قَسم کو جو مَیں نے تیرے باپ ابرہام سے کھائی پُورا کرُوں گا۔

4. اور مَیں تیری اَولاد کو بڑھا کر آسمان کے تاروں کی مانِند کر دُوں گا اور یہ سب مُلک تیری نسل کو دُوں گا اور زمِین کی سب قومیں تیری نسل کے وسِیلہ سے برکت پائیں گی۔

5. اِس لِئے کہ ابرہام نے میری بات مانی اور میری نصیحت اور میرے حُکموں اور قوانِین و آئِین پر عمل کِیا۔

6. پس اِضحا ق جرار میں رہنے لگا۔

7. اور وہاں کے باشِندوں نے اُس سے اُس کی بِیوی کی بابت پُوچھا ۔ اُس نے کہا وہ میری بہن ہے کیونکہ وہ اُسے اپنی بِیوی بتاتے ڈرا ۔ یہ سوچ کر کہ کہِیں رِبقہ کے سبب سے وہاں کے لوگ اُسے قتل نہ کر ڈالیں کیونکہ وہ خُوب صُورت تھی۔

8. جب اُسے وہاں رہتے بُہت دِن ہو گئے تو فلستِیو ں کے بادشاہ ابی مَلِک نے کِھڑکی میں سے جھانک کر نظر کی اور دیکھا کہ اِضحاق اپنی بِیوی رِبقہ سے ہنسی کھیل کر رہا ہے۔

9. تب ابی مَلِک نے اِضحاق کو بُلا کر کہا کہ وہ تو حقیقت میں تیری بِیوی ہے ۔ پِھرتُو نے کیوں کر اُسے اپنی بہن بتایا؟اِضحاق نے اُس سے کہا اِس لِئے کہ مُجھے خیال ہُؤا کہ کہِیں مَیں اُس کے سبب سے مارا نہ جاؤں۔

10. اَبی مَلِک نے کہا تُو نے ہم سے کیا کِیا؟ یُوں تو آسانی سے اِن لوگوں میں سے کوئی تیری بِیوی کے ساتھ مُباشرت کر لیتا اور تُو ہم پر اِلزام لاتا۔

11. تب ابی مَلِک نے سب لوگوں کو یہ حُکم کِیا کہ جو کوئی اِس مَرد کو یا اِس کی بِیوی کو چُھوئے گا سو مار ڈالا جائے گا۔

12. اور اِضحا ق نے اُس مُلک میں کھیتی کی اور اُسی سال اُسے سَو گُنا پَھل مِلا اور خُداوند نے اُسے برکت بخشی۔

13. اور وہ بڑھ گیا اور اُس کی ترقّی ہوتی گئی یہاں تک کہ وہ بُہت بڑا آدمی ہو گیا۔

14. اور اُس کے پاس بھیڑ بکرِیاں اور گائے بَیل اور بُہت سے نوکرچاکر تھے اور فِلستِیو ں کو اُس پر رشک آنے لگا۔

15. اور اُنہوں نے سب کُنوئیں جو اُس کے باپ کے نوکروں نے اُس کے باپ ابرہام کے وقت میں کھودے تھے بند کر دِئے اور اُن کو مِٹّی سے بھر دِیا۔

پَیدایش 26