2. وہ لالچ سے کھیتوں کو ضبط کرتے اور گھروں کو چِھین لیتے ہیں اور یُوں آدمی اور اُس کے گھر پر ہاں مَرد اور اُس کی مِیراث پر ظُلم کرتے ہیں۔
3. اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس گھرانے پر آفت لانے کی تدبِیر کرتا ہُوں جِس سے تُم اپنی گردن نہ بچا سکو گے اور گردن کشی سے نہ چلو گے کیونکہ یہ بُرا وقت ہو گا۔
4. اُس وقت کوئی تُم پر یہ مثل لائے گا اور پُردرد نَوحہ سے ماتم کرے گا اور کہے گاہم بِالکُل غارت ہُوئے ۔اُس نے میرے لوگوں کا بخرہ بدل ڈالا ۔اُس نے کَیسے اُس کو مُجھ سے جُدا کر دِیا!اُس نے ہمارے کھیت باغِیوں کو بانٹ دِئے۔
5. اِس لِئے تُم میں سے کوئی نہ بچے گا جو خُداوند کی جماعت میں پیَمایش کی رسّی ڈالے۔
6. بکواسی کہتے ہیں بکواس نہ کرو۔ اِن باتوں کی بابت بکواس نہ کرو ۔ اَیسے لوگوں سے رُسوائی جُدا نہ ہو گی۔
7. اَے بنی یعقُوب کیا یہ کہا جائے گا کہ خُداوند کی رُوح قاصِر ہو گئی؟ کیا اُس کے یِہی کام ہیں؟ کیا میری باتیں راست رَو کے لِئے مُفِید نہیں؟۔
8. ابھی کل کی بات ہے کہ میرے لوگ دُشمن کی طرح اُٹھے ۔ تُم صُلح پسند و بے فِکر راہ گِیروں کی چادر اُتار لیتے ہو۔
9. تُم میرے لوگوں کی عَورتوں کو اُن کے مرغُوب گھروں سے نِکال دیتے ہو اور تُم نے میرے جلال کو اُن کے بچّوں پر سے ہمیشہ کے لِئے دُور کر دِیا۔
10. اُٹھو اور چلے جاؤ کیونکہ لاعِلاج و مُہلِک ناپاکی کے سبب سے یہ تُمہاری آرام گاہ نہیں ہے۔
11. اگر کوئی جُھوٹ اور بطالت کا پیرَو کہے کہ مَیں شراب و نشہ کی باتیں کرُوں گا تو وُہی اِن لوگوں کا نبی ہو گا۔